شیر شاہ موٹر سائیکل پھسلنے سے شیرخوار بچی جاں بحق ماں باپ اور 3 بہن بھائی زخمی

حادثے کے بعد سائٹ بی اور شیر شاہ پولیس حدود کے تنازع پر لڑتی رہی، 6ماہ کی سارہ نے اسپتال میں دوران علاج دم توڑا

ٹریفک حادثات و واقعات میں شیر خوار بچی سمیت6افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات و واقعات میں شیر خوار بچی سمیت6افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق شیرہ شاہ گلبائی چوک کے قریب تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل سلپ ہو گئی جس کے نتیجے میں ماں باپ اور ان کے 4بچے زخمی ہو گئے، زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے6ماہ کی بچی سارہ دختر شاہنواز نے دم توڑ دیا جبکہ اس کے 3 بہن بھائی3سالہ عاشر خان،6سالہ افشاں،7سالہ دانش اور والدہ 40 سالہ زہرہ اور والد42سالہ شاہنواز کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے،آخری اطلاعات تک سائٹ بی پولیس اور شیر شاہ پولیس حدود کے تنازع پر لڑتی رہی، سائٹ اے تھانے کی حدود میں فخردین ولیکا روڈ پر واقع نجی پٹرول پمپ کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار نوعمر لڑکا موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ دوسرا نوجوان زخمی ہو گیا۔




ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت نہیں ہوسکی، حادثے کا ذمے دار واٹر ٹینکر کا ڈرائیور فرار ہوگیااور پولیس نے واٹر ٹینکر کو اپنی تحویل میں لیکر حادثے کی تحقیقات شروع کردی، سپر ہائی وے پر سڑک عبور کرتے ہوئے تیز رفتار نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے18سالہ فرخ ولد عبد الجبار جاں بحق ہو گیا ، ریسکیو ذرائع کے مطابق متوفی ایف بی ایریا کا رہائشی تھا، ائیرپورٹ کے علاقے ڈرگ روڈ ریلوے اسٹیشن کے قریب ہندو پاڑہ سے گزرنے والی ریلوے لائن کو عبور کرتے ہو ئے2 افراد 30 سالہ بوبی اور35 سالہ نامعلوم شخص ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہو گئے،سکھن تھانے کی حدود میں600 کوارٹرز لیبر اسکوائر کے قریب گھر میں پانی کے ٹینک میں گر کر 5 سالہ بچہ نعمان ولد طارق ہلاک ہو گیا۔
Load Next Story