تھائی لینڈ اوپن ٹینس راؤنک نے ٹاپ سیڈ بریڈیچ کو پچھاڑ کر ٹرافی جیت لی

چائنا اوپن میں ہوم فیورٹ لینا اور پولش اسٹار اگنیسکا ریڈوانسکا پہلا مرحلہ عبور کرنے میں کامیاب،سمانتھا اسٹوسر ناکام

بنکاک: تھائی لینڈ اوپن کے فاتح رائونک کا ٹرافی کے ہمراہ خصوصی پوز،فائنل میں بریڈیچ ہار گئے۔ فوٹو: رائٹرز

کینیڈا کے میلوس رائونک نے ٹاپ سیڈ ٹوماس بریڈیچ کو پچھاڑ کر تھائی لینڈ اوپن کی ٹرافی جیت لی۔

ملائیشیا میں پیراگوئے کے جوآئو سوسا نے میدان مارلیا، فیصلہ کن معرکے میں فرنچ حریف جولین بینیٹو کو بھی 2-6،7-5 اور6-4 سے زیر کرلیا،چائنا اوپن میں ہوم فیورٹ لینا اور پولش اسٹار اگنیسکا ریڈوانسکا پہلا مرحلہ عبور کرنے میں کامیاب ہوگئیں جبکہ آسٹریلیا کی سمانتھا اسٹوسر ناکام رہیں۔تفصیلات کے مطابق ملائیشین اوپن کے فائنل میں ٹاپ سیڈ جمہوریہ چیک کے ٹوماس بریڈیچ کو تھرڈ سیڈ کینیڈا کے میلوس رائونک نے پچھاڑ دیا، یہ سیزن میں ان کا دوسرا اور مجموعی طور پر پانچواں ٹائٹل بنا، ورلڈ ٹاپ10 میں شامل بریڈیچ 2013 میں کوئی بھی ٹرافی جیتنے میں کامیاب نہیں ہوپائے، تھرڈ سیڈ رائونک نے فائنل میں اپنی بڑی سروس اور طاقتور ایسز کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے حریف کو بے بس کیے رکھا، انھوں نے اس مقابلے میں مجموعی طورپر 18ایسز لگائیں۔




پہلے سیٹ کا فیصلہ ٹائی بریکر پر رائونک کے حق میں 7-6(7/4) سے ہوا تاہم دوسرے سیٹ میں کینیڈین پلیئر نے ابتدا ہی سے حریف کو لگام ڈالے رکھی اور یہ سیٹ باآسانی 6-3 سے اپنے نام کرکے چیمپئن بننے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا، اس کامیابی کے بعد عالمی درجہ بندی میں 11ویں نمبر پر فائز رائونک کے سیزن کے اختتامی ایونٹ میں شریک ہونے کا امکان بھی روشن ہوگیا ہے۔

دوسری جانب بیجنگ میں جاری چائنا اوپن میں اگنیسکا ریڈوانسکا اور ہوم اسٹار لینا پہلی آزمائش میں سرخرو ہوگئیں، تھرڈ سیڈ اگنیسکا نے سوئس حریف اسٹیفنی ووئجل کیخلاف ابتدائی سیٹ ہارنے کے باوجود 4-6،6-4 اور6-4 سے کامیابی پائی، چینی اسٹار لینا کو سلواکین حریف ڈنیلا ہنچووا کو مات دینے میں کوئی خاص دشواری پیش نہیں آئی، انھوں نے 6-0،6-4 سے فتحیاب ہوکر دوسرے رائونڈ میں جگہ بنالی، دیگر میچز میں لوسیا سفارووا نے سمانتھا اسٹوسر کو 7-5 اور6-3 سے ٹھکانے لگادیا،اسٹونیا کی کائیا کنیپی نے جرمن پلیئر جولیا گوریجس کو 7-5 اور6-4 سے واپسی کا پروانہ تھمادیا، امریکی کھلاڑی میڈیسون کیز نے ڈومنیکا سبولکوا پر 6-4،6-3 سے غلبہ پالیا۔
Load Next Story