ڈنگی شدت اختیار کر گیا106شہری وائرس سے متاثر ہو گئے

جراثیم کش اسپرے مہم غیر موثر ہونے کی وجہ سے کراچی میں مچھروں کی افزائش میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا

مہم پر لاکھوں روپے خرچ ہوگئے،نئی حکمت عملی کی ضرورت ہے،ماہرین طب ۔فوٹو : ایکسپریس / فائل

کراچی میں ڈنگی وائرس کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے،جراثیم کش اسپرے مہم غیر موثر ہونے کی وجہ سے کراچی میں مچھروں کی افزائش میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا،گزشتہ روز شہر میں مزید 106 افراد ڈنگی وائرس کا شکار ہوگئے۔

جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد1700 ہوگئی جبکہ رواں سال کے دوران اب تک 12افراد اس وائرس کاشکار ہوکرجاں بحق ہوچکے ہیں،ماہرین طب کا کہنا ہے کہ شہر میں ڈنگی کا مرض گزشتہ سال کی بنسبت خطرناک ثابت ہورہا ہے، سرکاری اعدادو شمار کے مطابق 1700 مریض اور غیر سرکاری اعداد وشمارکے مطابق5 ہزار افرادڈنگی وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، شہریوں کو مچھروں کے رحم وکرم پر چھوڑدیاگیا ہے جراثیم کش اسپرے مہم غیر موثر ہونے کی وجہ سے مچھروںکی افزائش میں اضافے سے مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔




ڈنگی وائرس کی روک تھام کے لیے بلدیہ عظمی کی اسپرے مہم غیر موثر ہے، مچھر مار اسپرے مہم میں استعمال کی جانے والی دوا غیر معیاری ہے،مہم کے نام پر لاکھوں روپے خرچ کیے جانے کے باوجود مچھروں کی روک تھام نہ کی جا سکے،مچھر مار اسپرے مہم کو موثر بنانے کے لیے نئی حکمت عملی مرتب کی جائے، واضح رہے کہ محکمہ صحت بغیرکسی وزیرکے کام کر رہا ہے اور شہری ڈنگی کے خلاف اسپرے مہم میں حکومتی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔
Load Next Story