چیمپئنز لیگ سن رائزرز حیدرآباد کے ارمان بارش بہا لے گئی

برسبین ہیٹ کیخلاف میچ موسم کی نذر ہونے سے آئی پی ایل سائیڈ چیمپئنز لیگ سے باہر ہوگئی۔

ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو نے ٹائٹنز کو 6 رنز سے پچھاڑا،سیمی فائنل میں رسائی کی جنگ جاری فوٹو: فائل

سن رائزرز حیدرآباد کے ارمان بارش میں بہہ گئے، برسبین ہیٹ کیخلاف میچ موسم کی نذر ہونے سے آئی پی ایل سائیڈ چیمپئنز لیگ سے باہر ہوگئی۔

ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو نے ڈک ورتھ لوئس پر ٹائٹنز کو 6 رنز سے پچھاڑ دیا، دونوں ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل میں رسائی کی جنگ بدستور جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق احمد آباد میں چیمپئنزلیگ کے آخری گروپ میچز بھی بارش سے شدید متاثر ہوئے، اس سے قبل یہاں پر 2مقابلے موسم کی نذر ہوئے جبکہ ایک کو جے پور منتقل کردیا گیا تھا۔ سن رائزرز اور برسبین ہیٹ کے درمیان میچ ایک بھی گیند ہوئے بغیر ختم کردیا گیا، اس طرح گروپ بی سے سیمی فائنل کی دوسری جگہ پر قبضے کیلیے سن رائزرز کی بچی کچی امیدیں بھی دم توڑ گئیں، برسبین ہیٹ پہلے ہی اس دوڑ سے باہر ہوچکی۔ گروپ سے چنئی سپر کنگز فائنل فور کا ٹکٹ کٹوا چکی تاہم دوسری جگہ کیلیے اب ٹائٹنز اور ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے درمیان مقابلہ باقی ہے۔




انہی دونوں ٹیموں کے درمیان احمد آباد میں پیر کو ہونے والا میچ بھی بارش سے متاثر ہوا، ٹائٹنز کو فتح کیلیے آخری تین اوورز میں 36 رنز درکار تھے جب تیز بارش شروع ہوگئی جس کی وجہ سے میچ روک دیا گیا، بعد میں ڈک ورتھ لوئس پر ٹی اینڈ ٹی 6 رنز سے فاتح قرار پائی، ویسٹ انڈین چیمپئن سائیڈ نے6 وکٹ پر 188 رنز بنائے تھے، ایون لیوس اور ڈیرن براوو نے دوسری وکٹ کیلیے 109 کی شراکت کی، لیوس نے 70 اور براوو نے 63 رنز بنائے، مرچنٹ ڈی لینگے نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اب پوائنٹس ٹیبل پر دونوں ٹیموں کے 8، 8 پوائنٹس تاہم ٹی اینڈ ٹی بہتر رن ریٹ کی وجہ سے دوسرے نمبر پر ہے، چنئی سپر کنگز کے ہاتھوں آخری گروپ میچ میں بڑی شکست اسے بھی باہر کرسکتی ہے، اس طرح ٹائٹنز کی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ جائیگی۔
Load Next Story