18جونیئر پلیئرز جمعرات کو ہاکی کیمپ جوائن کرینگے

انٹرنیشنل سیریز اورایشین چیمپئنز ٹرافی کیلیے9 کھلاڑی چیف کوچ طاہر زمان کی زیرنگرانی ٹریننگ میں مصروف

نئے کھلاڑیوں سے زیادہ توقعات نہیں رکھیں،کپتان قومی ٹیم ۔فوٹو: فائل

انٹرنیشنل ہاکی سیریز اورایشین چیمپئنز ٹرافی کیلیے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور میں جاری ہے، نیشنل اسٹیڈیم میں9 کھلاڑی چیف کوچ طاہر زمان کی زیرنگرانی صبح اور شام کے الگ سیشنز میں ٹریننگ کر رہے ہیں، سلطان آف جوہر کپ میں شرکت کے بعد 18 جونیئر پلیئرز گذشتہ شب ملائیشیا سے لاہور پہنچ گئے، وہ بدھ کی شب کیمپ کمانڈنٹ کو رپورٹ کرنے کے بعد اگلے روز باقاعدہ کیمپ جوائن کریں گے۔

دریں اثناکپتان محمد عمران قومی ٹیم میں جونیئر کھلاڑیوں کو مواقع دینے کی پالیسی پر مطمئن نظر آتے ہیں،ان کے مطابق ٹیم سے فوری طور پر شاندار نتائج کی امید نہیں کرنی چاہیے۔ تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں کوریا سے شکست کے بعد پاکستانی ٹیم 42 سال بعد ورلڈ کپ میں شرکت سے محروم ہوئی،اس وجہ سے اسے شدید تنقید کا سامنا ہے، سیکریٹری پی ایچ ایف آصف باجوہ کے بعد چیف کوچ اختر رسول بھی مستعفی ہو چکے، اب ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سابق اولمپئن اور ایف آئی ایچ ماسٹر کوچ طاہر زمان کے ہاتھوں میں ہے۔ پرتھ آسٹریلیا میں17سے 25اکتوبر تک انٹرنیشنل ہاکی سیریز شیڈول ہے،جاپان میں ایشین چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد یکم سے10نومبر تک ہو گا۔




ایونٹس کی تیاریوں کیلیے قومی ہاکی ٹیم کے تربیتی کیمپ میں9کھلاڑی نیشنل اسٹیڈیم میں 2 الگ سیشنز میں ٹریننگ کر رہے ہیں، بقیہ 18پلیئرز سلطان آف جوہر کپ میں شرکت کے بعد گذشتہ رات ملائیشیا سے لاہور پہنچ گئے، وہ 2 اکتوبر کی شب کیمپ کمانڈنٹ کو رپورٹ کرنے کے بعد اگلے روز باقاعدہ تربیت کا آغاز کر دیں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم مینجمنٹ نے مستقبل قریب کے ایونٹس کیلیے27 کھلاڑیوں کا اعلان کیا ہے، ان میں عمران شاہ ،عمران بٹ ،خرم مجید ،محمد عمران، محمد عتیق، عامر شہزاد، شفقت رسول، یاسر شبیر، محمد سلمان حسین، مظہر عباس، امین یوسف، محمد خالد، سید کاشف شاہ، محمد رضوان جونیئر، محمد توثیق، محمد فیصل قادر، محمد دلبر، علی شان، محمد عمیر، محمدعمر بھٹہ ، زوہیب اشرف محمدکاشف جاوید ،عماد شکیل بٹ، محمد سلمان، محمد ارسلان قادر، احمد زبیر اور ایوب علی شامل ہیں ۔ دوسری جانب کپتان محمد عمران کے خیال میں مستقبل کے ایونٹس میں زیادہ نئے کھلاڑیوں کو آزمانا خوش آئند ہے۔ نمائندہ ''ایکسپریس'' سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ جونیئرز پاکستانی ہاکی ٹیم کا مستقبل ہیں، جوں جوں انھیں عالمی ایونٹس میں کھیلنے کا تجربہ ملا ان کے کھیل میں نکھار آتا جائے گا۔محمد عمران نے کہا کہ نائن اے سائیڈ اور ایشین چیمپئنز ٹرافی میں دنیا کی مضبوط ٹیمیں شامل ہیں، سینئر کھلاڑی جونیئرز کے ساتھ مل کر اچھے نتائج کی کوشش کریں گے، البتہ نئے پلیئرز پر مشتمل اسکواڈ سے زیادہ توقعات نہیں رکھنی چاہئیں۔
Load Next Story