ٹیکسٹائل سیکٹر میں پاک مصر مشترکہ منصوبوں پر زور

مصری وفد تجارتی اور سرمایہ کاری کے مواقع کی تلاش میں پاکستان کے دورے پر آیا ہے۔

صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ پاکستان اس وقت توانائی بحران سے گزار رہا ہے لہٰذا اس سلسلے میں پاکستان توانائی کے شعبے میں مصر کے تجربے سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

LASBELLA:
فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر زبیر احمد ملک نے پاکستان اور مصر کے مابین ٹیکسٹائل سیکٹر میں مشترکہ منصوبوں کی تجویز دی ہے۔

فیڈریشن ہاؤس میں مصری وفد سے ملاقات کے دوران انہوں نے سیمنٹ، فارماسیوٹیکلز، ماربل وگرینائٹ، چمڑے، فرنیچر، کھیلوں کے سامان اور گھریلوٹیکسٹائل مصنوعات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان یہ اشیا برآمد کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے لہٰذا روایتی اشیا کی تجارت اور دیگر اشیا پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے انہوں نے پاکستان اور مصر کے مابین مشترکہ بزنس کونسل کا اجلاس فروری 2014 میں بلانے کی تجویز دی۔ واضح رہے کہ مصری وفد تجارتی اور سرمایہ کاری کے مواقع کی تلاش میں پاکستان کے دورے پر آیا ہے۔


صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ پاکستان اس وقت توانائی بحران سے گزار رہا ہے لہٰذا اس سلسلے میں پاکستان توانائی کے شعبے میں مصر کے تجربے سے فائدہ اٹھا سکتا ہے، اس کے علاوہ پاکستان کے فوڈ اور فروٹ پروسسنگ سیکٹر میں بھی مصر کے لیے سرمایہ کاری کے بھرپور مواقع ہیں، مصر اپنے استعمال کا 90 فیصد گوشت درآمد کرتا ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ وہاں حلال گوشت کی مصنوعات میں تجارت کے بڑے مواقع ہیں، اسی طرح پاکستان باسمتی چاول بھی مصر میں بہت مقبول ہیں اور مصر میں اس کی کھپت میں مزید اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

مصری وفد کے سربراہ نے بتایاکہ حال ہی میں مصرمیں دوشاہراہیں مکمل کی گئی ہیں جن کے ذریعے مصر کو سوڈان اور قاہرہ کو نیروبی سے ملا دیا گیا ہے جس سے تجارتی منڈی میں وسعت آگئی ہے جو پاکستان کی موجودہ برآمدات میں اضافے میں مدد گار ثابت ہونگی کیونکہ مصر شمالی اور وسطی افریقہ کی منڈیوں کے لیے گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ پاکستان اور مصر دونوں ممالک ڈی ایٹ بلاک کے ممبر ہیں۔

لہٰذا ان کو آپس میں باہمی تجارت اور سرمایہ کا ری کو مزید وسعت دینی چاہیے، مصر میں اس سال 35 نمائشوں کا انعقاد ہو رہا ہے جن میں پاکستان کو بھرپور شر کت کرنی چاہیے تاکہ مصری عوام کو پاکستانی مصنوعات سے زیادہ سے زیادہ آگہی ہو۔ اس موقع پر فیڈریشن کے نائب صدر نوید جان بلوچ بھی موجو د تھے۔ بعد ازاں ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیر احمد ملک نے سری لنکا کے وفد سے ملاقات کی جو کہ اپنے قونصل جنر ل ہیراتھ کی زیر قیا دت فیڈریشن ہاؤس کے دورے پر آیا۔
Load Next Story