امریکی حکومت17سال میں پہلی بار فنڈز سے محروم متعدد محکمے بند 8 لاکھ وفاقی ملازمین فارغ

حکومتی شٹ ڈاؤن سے معاشی نمو کی رفتار سست پڑ جائے گی جو دوسری سہ ماہی میں 2.5فیصد رہے تھی۔

شٹ ڈاؤن سے غریب خواتین و بچوں کو خوراک کی فراہمی کا سماجی پروگرام بھی متاثر ہو سکتا ہے۔ فوٹو: رائٹرز

ISLAMABAD:
امریکی وفاقی حکومت کانگریس میں بجٹ پر تنازع نہ نمٹنے کے باعث 17 سال میں پہلی بار خدمات کی فراہمی کے لیے ناگزیر سرمائے سے محروم (شٹ ڈاؤن) ہوگئی جس کے نتیجے میں لاکھوں وفاقی ملازمین کو بغیر تنخواہ کے گھر بھیج دیا گیا ہے۔

پیر کو رات 12بجنے سے 10منٹ پہلے وائٹ ہاؤس بجٹ آفس نے متعدد سرکاری محکموں کی بندش کیلیے آرڈر جاری کیا جس سے 8لاکھ وفاقی ملازم بغیرتنخواہ رخصت پربھیج دیے گئے اور پارک اور عجائب گھر بند کر دیے گئے، شٹ ڈاؤن سے غریب خواتین و بچوں کو خوراک کی فراہمی کا سماجی پروگرام بھی متاثر ہو سکتا ہے جبکہ تاریخی مجسمہ آزادی بھی سیاحوں کیلیے بند کر دیا جائیگا۔ تنازع کو نمٹانے کیلیے فوری حل سامنے نظر نہ آنے کے باعث اقتصادی ماہرین نے متنبہ کیا ہے کہ اگرچند دن بھی شٹ ڈاؤن جاری رہا تو امریکی معیشت کی بحالی متاثر ہوگی۔ شٹ ڈاؤن کے پہلے روز منگل کو صرف ضروری سرکاری ملازم کام پر آئے، وائٹ ہاؤس سمیت متعدد اہم سرکاری محکموں میں بھی صرف ضروری عملہ حاضر ہوا تاہم امریکی محکمہ ڈاک مالی امور میں آزاد ہونے کے باعث کام جاری رکھے گا۔




جبکہ ایئرٹریفک کنٹرول بھی متاثر نہیں ہوگا۔ کانگریس میں شٹ ڈاؤن سے قبل آخری روز ری پبلکنز نے نئے حکومتی بجٹ کو کٹوتیوں، تاخیراور اوباما کے ہیلتھ کیئر پلان کے خاتمے سے مشروط کرنے کی کوشش کی جسے ڈیموکریٹ اکثریتی سینیٹ نے ناکام بنادیا جس کے نتیجے میں پیر کو رات 12بجے مالی سال کے اختتام پر فنڈنگ سے محروم ہوگئی۔

سینیٹ اکثریتی لیڈر ہیری ریڈ نے کہا کہ یہ امریکا کے لیے غیرضروری دھچکا ہے۔ امریکی صدر اوباما نے متنبہ کیا کہ حکومتی شٹ ڈاؤن معیشت کو بری طرح نقصان پہنچا سکتی ہے، عوام پر سخت اقتصادی اثرات ہوں گے۔ کنسلٹنٹ میکرو اکنامک ایڈوائزرز کا کہنا ہے کہ حکومتی شٹ ڈاؤن سے معاشی نمو کی رفتار سست پڑ جائے گی جو دوسری سہ ماہی میں 2.5فیصد رہے تھی، 2 ہفتے شٹ ڈاؤن سے جی ڈی پی میں 0.3فیصد کمی آئے گی، لاکھوں سرکاری ملازمین کو تنخواہ نہ ملنے سے بچتوں پر بھی منفی اثرات ہونگے، مارگیج ادائیگیوں، کار لونز بل اور دیگر اخراجات میں تاخیرہوگی۔ امریکی بجٹ تنازع کی وجہ اوباما کا ہیلتھ کیئر پروگرام ہے جس میں ریپبلکنز نے کمی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ 16.7ٹریلین ڈالرقرض کی حد کو آگے بڑھایا جا سکے اور اگر ایسا نہیں ہوا تو اکتوبر کے وسط تک امریکا تاریخ میں پہلی بار قرضوں پر ڈیفالٹ کرنا شروع کردے گا۔
Load Next Story