بھارتی رکاوٹیں تجارت کے فروغ میںحائل ہیںشاہدملک

نئی پالیسی کے تحت تاجروںکو1سالہ ملٹی پل ویزاملے گا،سابق پاکستانی ہائی کمشنر

نئی پالیسی کے تحت تاجروںکو1سالہ ملٹی پل ویزا ملے گا،سابق پاکستانی ہائی کمشنر. فوٹو: فائل

بھارت میں تعینات سابق پاکستانی ہائی کمشنر شاہد ملک نے کہا ہے کہ پاک بھارت تجارت کو نارمل بنانے کا عمل جاری رہے گا، بھارت سے تعلقات میں بہتری کا کریڈٹ سیاسی قیادت کو جاتا ہے، پاکستان اوربھارت کے مابین تعلقات میں بہتری کے مثبت اثرات پورے سارک ممالک پر اثرانداز ہونگے، بھارت کی جانب سے نان ٹیرف رکاوٹوںکے باعث باہمی تجارت کو فروغ نہیں دیا جاسکا، پاک بھارت نئی لبرل ویزا پالیسی کے تحت تاجروںو صنعتکاربرادری کو ایک سالہ ملٹی پل ویزا فراہم کیا جائیگا۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ شب وفاق ایوانہائے تجار ت وصنعت پاکستان کی جانب سے دیے گئے عشائیے اور انڈوپاک چیمبر آف کامرس کے صدر ایس ایم منیر کی جانب سے دیے گئے ظہرانے کے موقع پرکہی، اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدر فضل قادر شیرانی،سارک چیمبرآف کامرس کے سابق صدر طارق سعید،انڈوپاک چیمبر کے صدر ایس ایم منیر اور نائب صدر ایف پی سی سی آئی شکیل احمد ڈھینگڑا نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ ٹورنٹو ڈاکٹرشفیق قادری ، نائب صدور ایف پی سی سی آئی بیگم سلمیٰ احمد،اقبال پاک والا، میاں زاہد حسین، ڈاکٹرمرزااختیاربیگ،ملک خدابخش،زبیر طفیل،منیر سلطان ،عبدالسمیع خان اوردیگر بھی موجودتھے۔


شاہد ملک نے کہا کہ پاک بھارت باہمی تجارتی لین دین کوحتمی شکل دی جارہی ہے جسکے باعث پاکستان اور بھارت کے تعلقات کا نیا دور شروع ہوجائیگا، پاک بھارت تجارتی تعلقات کی بحالی میں پاکستانی اوربھارتی تاجروصنعتکاربرادری نے اہم کردار اداکیا، دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے وسیع مواقع موجودہ ہیں جس کا بھرپورفائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر سارک چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سابق صدر طارق سعید نے سابق ہائی کمشنر شاہد ملک کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ بھارتی سرمایہ کار وں کو بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کی اجازت دے دی جائیگی۔

انڈوپاک چیمبر آف کامرس کے صدر ایس ایم منیر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے مابین تجارتی حجم کو بڑھانے میں سب سے بڑی رکاوٹ آزادانہ ویزے کی سہولتیں فراہم نہ کیے جانا ہے، پاکستان کی جانب سے لبرل ویزا پالیسی پر دستخط میں تاخیر کا سامنا ہے لہٰذا حکومت جلد از جلد نئی لبرل ویزا پالیسی کوحتمی شکل دیتے ہوئے دستخط کرے۔ فضل قادرشیرانی نے کہا کہ سابق ہائی کمشنر شاہد ملک نے پاک بھارت سرحد کے تجارتی نمائندگان کو یکجا کرنے میں اہم کرداراداکیا، ممبئی میں کامیاب ایکسپو پاکستان کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس کے دورس نتائج برآمد ہونگے۔ شکیل احمد ڈھینگرا نے کہا کہ پاکستان اوربھارت کے تعلقات صحیح سمت کی جانب گامزن ہیں اور دونوں ممالک کے مابین سیاسی اور تجارتی تعلقات کی نئی فضا قائم ہوچکی ہے۔
Load Next Story