ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ واپس نہ ہوا تو ہڑتال کرینگے

صرف4ماہ میں پٹرول کی قیمت میں12روپے کا اضافہ ظالمانہ اقدام ہے، ٹرانسپورٹ اتحاد

قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لیا گیا تو کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد سندھ بھرکی تنظیموں کا اجلاس طلب کرکے غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا اعلان کریگی۔ فوٹو: پی پی آئی / فائل

کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری، جنرل سیکریٹری محمود آفریدی اور دیگر عہدیداران نے ایک بیان میں ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے وزارت پیٹرولیم سے مطالبہ کیا ہے کہ اس اضافے کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔

بصورت دیگر کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد سندھ بھر کی تنظیموں کا اجلاس طلب کرکے غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا اعلان کریگی، اتحاد کے رہنماؤں نے کہا کہ یکم جون کو ڈیزل کی قیمت 104.60روپے تھی جبکہ اب 117 روپے ہوگئی ہے، چار ماہ کے دوران تقریباً 12.50 روپے اضافہ انتہائی ظلم اور ناقابل برداشت ہے۔




دریں اثنا سپریم کونسل آف آل پاکستان ٹرانسپورٹرز نے کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے فیصلے کی حمایت کا اعلان کیا ہے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ انٹرسٹی بسوں ، گڈز ٹرک وٹرالرز کے کرایوں میں اضافے کا فیصلہ آئندہ ہفتے ہونیوالے اجلاس میں کیا جائیگا۔
Load Next Story