ہاکی سندھ میں 4 نئی آسٹرو ٹرف بچھانے کا امکان روشن

کراچی، سکھر، میرپور خاص اور لاڑکانہ کے اسٹیڈیمز شامل، رقم جاری ہونے کا انتظار

ہاکی کو فروغ دینے کیلیے یہ ٹرف کراچی، سکھر، میرپور خاص اور لاڑکانہ میں نصب کی جائینگی۔ فوٹو: فائل

سندھ میں4 نئی آسٹرو ٹرف بچھانے کا امکان روشن ہوگیا،گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان کی خصوصی ہدایت اور وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ کے احکامات پر صوبے میں ہاکی کو فروغ دینے کیلیے یہ ٹرف کراچی، سکھر، میرپور خاص اور لاڑکانہ میں نصب کی جائینگی۔

۔محکمہ اسپورٹس کے چیف انجینئر اسلم مہر کے مطابق سندھ حکومت کی طرف سے فنڈز کی منظوری کے بعد محکمہ خزانہ کی جانب سے رقم جاری ہونے کا انتظار ہے، مطلوبہ فنڈز ملتے ہی رواں مالی سال کے ان منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے اقدامات شروع کر دیے جائینگے،پروگرام کے تحت کراچی میں ہاکی کلب آف پاکستان اسٹیڈیم، سکھر میں پیپلز ہاکی اسٹیڈیم اور میرپورخاص میں ذوالفقار علی بھٹو اسپورٹس کمپلیکس کے علاوہ لاڑکانہ اسٹیڈیم میں بھی ہاکی ٹرف لگائی جائیگی، اسلم مہر کے مطابق اصلاح الدین ہاکی اسٹیڈیم کے بعد شہر کی دوسری بلو ٹرف کی تنصیب کے لیے رقم جاری ہوتے ہی دیگر ترقیاتی کام بھی کرائے جائیں گے۔




میرپورخاص کے لیے بیرون ملک سے بلو ٹرف پاکستان پہنچ چکی اوراس کی تنصیب کے لیے ٹیکنیکل کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے، وہاں تماشائیوں کے لیے پویلین کی بھی تعمیرہوگی،سکھر کے لیے آسٹرو ٹرف کی آئندہ دو ہفتوں میںپاکستان آمد متوقع ہے،اس مقام پر فلڈ لائٹس کی بھی تنصیب کے اضافی کام کے سبب پی سی ون پر نظر ثانی کی گئی ہے،مزید براں لاڑکانہ میں محکمہ ورکس اینڈ سروسز کے تحت آسٹرو ٹرف کی تنصیب کے لیے کاوشیں جاری ہیں، انھوں نے کہا کہ سندھ میں 4نئی آسٹروٹرف کی تنصیب اور ان مقامات پر اضافی سہولتوں کی فراہمی سے نہ صرف ہاکی کو فروغ ملے گا بلکہ نو جوانوں کو مثبت سرگرمیوں اور عوام کو بہتر تفریح بھی میسر آ سکے گی۔
Load Next Story