کشمیری حسینہ سندیپادھر کی فلم ’’ہیروپتنی‘‘ کی عکس بندی جاری

صابرحسین کی ہدایتکاری میں بننےوالی فلم میں جیکی شروف کےبیٹےٹائیگر شروف ہیروکارول کررہے ہیں فلم اگلےبرس مئی ریلیز ہوگی

اب تک جتنا بھی کام کیا اسے سراہا گیا، بالی وڈ میں میںاپنی الگ شناخت بنانے کے قریب ہوں ،فلم ’’بلیک شپ‘‘ کے لیے بات چیت جاری ہے ،اداکارہ۔ فوٹو: فائل

وادی کشمیر سے تعلق رکھنے والی اوراداکارہ سندیپا دھر کی فلم '' ہیرو پتنی '' کی شوٹنگ تیزی کے ساتھ جاری ہے۔

صابر حسین کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم کے پروڈیوسر ساجد ناڈیوالہ ہیں جب کہ اسے سنجیودتہ نے تحریر کیاہے ۔جیکی شروف کے بیٹے ٹائیگر شروف اس فلم میں لیڈنگ رول اورسندیپا دھر کا مین کردار ہے جب کہ ٹی وی اداکارہ اور کتھک ڈانسرکریتی سانون اور وکرم سنگھ بھی اہم رول اداکررہے ہیں۔فلم کی موسیقی ساجد اور واجد نے ترتیب دی ہے جب کہ ناڈیوالہ گرینڈ سن انٹرٹیمنٹ کے بینر تلے بننے والی اس فلم کوآئندہ برس مئی میں ریلیز کرنے کا اعلان کیاگیاہے ۔ 2010 میں ریلیز ہونے والی فلم ''اس لائف میں'' سے بالی ووڈ میں انٹری دینے والی اداکارہ سندیپا دھر کا کہنا ہے کہ بالی وڈ میں پڑھے لکھے اور محنتی فنکاروں کو بڑی عزت ملتی ہے ۔ اپنی پرفارمنس کی بنیاد پر کام کرنے کے اصول پر کاربند ہوں ، پہلی فلم ''اس لائف میں ''کی کامیابی کے ساتھ ہی مجھے بڑے اسٹارز کے ساتھ کام کرنے کا موقع مل گیا ۔مجھے آتے ہی نئی فلموں میں پرفارمنس کی بنیاد پرکام ملا ہے اور میں نے کئی فلموں میں کام شروع کررکھا ہے ۔

متعدد میگا بجٹ فلموں میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی ہے اس حوالے سے ابھی صرف وہی فلمیں کررہی ہوں جن میں مجھے اپنے کردار میں کوئی جاذبیت نظر آئی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں سندیپا دہر نے بتایاکہ 2014 کے دوران فلم'' ہیروپتنی''کے علاوہ میری ایک اور فلم ''گولو اینڈ پپو بھی ریلیز کی جائے گی ۔2012میں سلمان کی بلاک بسٹر فلم دبنگ ٹو میں کرینہ کی سہیلی انجلی کا رول کرنیوالی اداکارہ کا کہناتھا کہ بالی وڈ میں نئے چہرے آرہے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ آنیوالا سال ان چہروں کے لیے اچھا ہوگا یہ چہرے سلور اسکرین پر حکمرانی کریں گے۔فلم دبنگ ٹومیں اپنے کام کے متعلق اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ بچپن سے ہی سلمان کی مداح رہی ہیں اور ان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش رکھتی تھیں۔دبنگ ٹومیں کام کرکے ان کی سلمان خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش پوری ہوگئی۔ اداکارہ نے کہا کہ 2013میرے لیے بہت اچھا اور خوشگوار سال ثابت رہا ہے جس میں میں نے اپنی ان دنوں فلموں کے معاہدے کیے۔




اداکارہ نے بتایا کہ فلم بلیک شیپ کی سلسلہ میں فلمساز پون شرما کے ساتھ بات چیت چل رہی ہے امید ہے یہ فلم بھی مجھے مل جائے گی ۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں نے اب تک جتنابھی کام کیا وہ رجسٹر ہوا ہے اور اس کا نوٹس لیا گیا ہے ۔بالی وڈ میں میں اب اپنی الگ شناخت بنانے کی منزل کے قریب ہوں ۔پہلی ہی فلم میں میری پرفارمنس پر سراہا گیا اپنی آنیوالی فلموں میں پرفارمنس کو بہتر بناکر پیش کرنے کی کوشش کررہی ہوں ۔واضح رہے کہ کشمیر میں پیدا ہونے والی حیسنہ سندیپا دھر نے اپنے فنی سفر کا آغاز 2010میں کیا ۔اداکارہ کی پہلی فلم ''اسی لائف میں ''تھی جو اسی سال ریلیز کی گئی ۔نئے چہرے کے لیے اس فلم پر ہی اداکارہ کو اسٹار اسکرین ایوارڈ سے نوازا گیا ،جب کہ اسی فلم میں بہترین معاون اداکارہ کے طور پر فلم فیئر ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا گیا ۔معروف فلمی نقاد کومل نہتہ کا کہنا ہے کہ سندیپا دھر کی پہلی فلم میں ہی عمدہ پرفارمنس پر شائقین کو ایک طرح سے خوشگوار حیرت میں مبتلاء کردیا ہے ۔

اداکارہ کی جانب سے اپنے کردار کے ساتھ انصاف کرنے پر تمام نقادوں نے سراہا ہے ۔انھوں نے کہا کہ سندیپا کی پرفارمنس کا جادو سرچڑھ کر بول اٹھا ہے ۔ان کی دوسری فلم میں بھی پرفارمنس بہتر رہی ہے اس اعتبار سے ان کی نئی فلم جس میں سندیپا کا مرکزی کردار ہوگا سے اچھی توقعات وابستہ کی جاسکتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اداکارہ نے اپنی پرفامنس کو خوبی سے پیش کرکے ایک تجربہ کار اداکارہ ہونے کا مظاہرہ کیا ہے ۔قبل ازیں اداکارہ نے ابتدائی تعلیم نیشنل پبلک اسکول سے حاصل کی پھر ممبئی کالج میں داخلہ لیا۔ اسی کالج میں ایڈورٹائزنگ میں گریجوایشن مکمل کی ،پہلی فلم ''اس لائف میں'' میں اکشے اوبرائے کے مدمقابل کام کیا ۔ سندیپا اب تک صرف دو فلموں میں جلوہ گر ہوئی ہیں اور اس وقت ان کی فلم ''ہیروپتنی '' تکمیل کے مراحل میں ہے جب کہ فلم گولوایند پپو کی شوٹنگز بھی ہورہی امید ہے ان دونوں فلموں کو کامیابی ملے گی ۔
Load Next Story