دلیپ کی حالت بہتر ڈاکٹروں کے ہدایت پر آرام کررہے ہیں سائرہ بانو

فیملی ڈاکٹر معائنہ کے لیے ہر روز گھر آتے ہیں، انھیں پرہیزی کھانا دیا جا رہا ہے، سائرہ بانو

دنیا بھر سے لوگوں نے خیریت دریافت کی، پاکستانی دعاؤں میں یاد رکھیں، ایکسپریس سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

بھارتی فلم انڈسٹری پربرسوں راج کرنیوالی ماضی کی معروف اداکارہ سائرہ بانونے کہا ہے کہ لوگوں کی دعاؤں کی وجہ سے آج دلیپ کمار کی حالت تیزی کے ساتھ بہترہورہی ہے۔

اسپتال سے گھرآنے کے بعد ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق مکمل آرام کرنے کے ساتھ پرہیزی کھانا بھی استعمال کررہے ہیں، ہمارے فیملی ڈاکٹر معائنہ کے لیے ہرروزگھر آتے ہیں اور ان کے مطابق بھی صحت اچھی ہو رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سائرہ بانو نے گزشتہ روز ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ میں بیان نہیں کرسکتی کہ دنیا کے کس کس حصے سے لوگوں نے فون کالز کرکے دلیپ صاحب کی خیریت دریافت کی اوراپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا، خاص طور پر پاکستان میں بسنے والوں نے جس طرح سے اپنی دعاؤں کا نذرانہ دیا اس کی تو کوئی مثال نہیں ملتی۔ بہت سے لوگوں نے منتیں مانیں اور بہت سے لوگوں نے امریکا اوربرطانیہ میں علاج ومعالجہ کی پیشکش کی لیکن اللہ کا شکر ہے کہ اس نے اپنی تمام نعمتوں سے ہمیں نواز رکھا ہے اور ممبئی میں ہی دلیپ صاحب کا بہترین علاج ہوا۔




انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے بڑی توجہ کے ساتھ علاج جاری رکھا اور وقتاً فوقتاً ٹیسٹ بھی لیتے رہے۔ بھارت میں علاج معالجہ کی بہترین سہولیات موجود ہیں اس لیے ایک بھی لمحہ یہ محسوس نہیں ہوا کہ ہمیں دلیپ صاحب کو بیرون ملک علاج کے لیے لے کرجانا چاہیے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ ڈاکٹروں کی ہدایت پرعمل کرتے ہوئے دلیپ صاحب مکمل آرام کر رہے ہیں اورانھیں پرہیزی کھانا دیا جارہاہے۔ اس کے ساتھ دوائی بھی ہم وقت پردے رہے ہیں تاکہ وہ جلد از جلد مکمل صحتیاب ہوجائیں۔ میری پاکستانیوں سے اپیل ہے کہ وہ اپنی دعاؤںمیں ہمیں ہمیشہ یاد رکھیں۔
Load Next Story