بورڈ کے حکم پر سعید اجمل نے کوچ سے معافی مانگ لی

سعید اجمل کی صفائی کے بعد واٹمور نے اسپنر کو معاف کر دیا۔

اسپنر میرے بارے میں ایسے تاثرات رکھتے ہونگے سوچا بھی نہیں تھا، کوچ۔ فوٹو: فائل

بورڈ کے حکم پر سعید اجمل نے کوچ ڈیو واٹمور سے معافی مانگ لی، نجی ٹی وی پر اپنے انٹرویو کی وضاحت بھی کردی۔

ان کا کہنا ہے کہ میں نے کبھی کسی کو نقصان نہیں پہنچایا، واٹمور انتھک محنت کررہے ہیں، ان کی خدمات کو تسلیم نہ کرنا ناانصافی ہوگی، ادھر کوچ کا کہنا ہے کہ بولر نے صفائی پیش کی جسے میں نے قبول کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سعید اجمل نے گذشتہ روز ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا تھا کہ مقامی کوچز اورڈیو واٹمور میں صرف معاوضے کا فرق ہے ورنہ ایک جیسے ہی ہیں۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ وقار یونس اور محسن خان ٹیم کو زیادہ بہتر انداز میں کنٹرول کرتے تھے، اس موقع پر انھوں نے اصرار بھی کیا تھا کہ میرا مطلب یہ نہیں کہ میں واٹمور سے خوش یا مطمئن نہیں ہوں، وہ ایک اچھے کوچ اور سری لنکا کو ورلڈ کپ جتوا چکے ہیں۔ معاملہ میڈیا میں آنے پر سعید نے بورڈ کے حکم پر ڈیو واٹمور سے معافی مانگ لی۔




اس بارے میں پی سی بی کے بیان میں کہا گیاکہ میڈیا رپورٹس کا نوٹس لیتے ہوئے ہم نے سعید اجمل کو کوچ سے ملنے اور معافی مانگنے کی ہدایت دی،اسی پریس ریلیز میں اسپنر نے کہا کہ میں نے کبھی کسی کو نقصان نہیں پہنچایا، ناراضی کا سننے کے بعد میں فوراً واٹمور کے پاس گیا اور معافی مانگتے ہوئے وضاحت کردی کہ اصل میں کہا کیا تھا، کوچ پاکستان ٹیم کے ساتھ سخت محنت کررہے ہیں اور ان کی خدمات کو تسلیم نہ کرنا ناانصافی ہوگی، میرے ان سے اچھے تعلقات ہیں ۔ ادھر واٹمور نے پہلے میڈیا میں سعید اجمل کے بیان پر مایوسی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ بولر میرے بارے میں ایسے تاثرات رکھتے ہوں گے، بعد میں انھوں نے کہا کہ سعید اجمل میرے پاس آئے معافی مانگی اور وضاحت کی جو میں نے قبول کرلی ہے۔
Load Next Story