فٹبال فکسنگ سنگاپور میں 4 افراد کی گرفتاری کا حکم

ملکی صدر کی جانب سے منظوری کے بعد 12 ماہ تک قید میں رکھا جا سکے گا

ملکی صدر کی جانب سے منظوری کے بعد 12 ماہ تک قید میں رکھا جا سکے گا۔ فوٹو: فائل

سنگاپورین وزیر داخلہ نے عالمی فٹبال میچ فکسنگ سنڈیکیٹ میں مبینہ کردار ادا کرنے کے الزام میں چار افراد کو حراست میں لینے کے احکامات جاری کردیے۔

اس کا اعلان 18 ستمبر کو فٹبال میچز میں دھاندلی کی کوشش کرنے والے 14 افراد کی گرفتاری کے بعد کیا گیا، ملکی صدر کی منظوری کے بعد چاروں افراد کو 12 ماہ تک قید میں رکھا جا سکے گا۔ احکامات 28 دنوں میں کرمنل لا ایڈوائزری کمیٹی کو پیش کرنا ہوں گے جس کے بعد کمیٹی اپنی سفارشات پر اسے صدر کو پیش کرے گی۔ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ پانچویں شخص کو پولیس سپرویزن آرڈر جاری کیا گیا جبکہ گذشتہ ماہ حراست میں لیے گئے بقیہ 9 افراد ضمانت پر رہا ہوچکے۔




قانون نافذ کرنے والی ایجنسی انٹرپول نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ سنگاپورین حکام کی جانب سے حراست میں لیے گئے افراد میں دنیا کے سب سے بڑے فٹبال میچ فکسنگ سنڈیکیٹ کا ماسٹر مائنڈ بھی شامل ہے۔ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ عمل مکمل نہ ہونے کی وجہ سے حراست میں لیے جانے والے افراد کے نام ظاہر نہیں کیے جاسکتے، میڈیا رپورٹس کے مطابق سنگاپورین تان سیت انگ المعروف ڈان تان اس عالمی میچ فکسنگ ادارے کا ماسٹر مائنڈ ہے، اطالوی پولیس نے رواں برس کے اوائل میں اس کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے تھے۔ یورپیئن پولیس نے فروری میں ساؤتھ ایسٹ ایشیا میں اعلان کیا تھا کہ سنگاپور کے سنڈیکیٹ نے صرف یورپ میں کم از کم 380 فٹبال میچز فکسڈ کرنے کیلیے کہا تھا جس سے تقریباً 10.8 ملین ڈالر کی آمدنی ہوئی تھی۔
Load Next Story