سیریز نہیں کھیل سکتے بھارت نے پاکستانی امیدوں کا چمن اجاڑ دیا

اگرجنوبی افریقہ سے معاملات طے نہ ہوئے تب بھی مقابلوں کا کوئی امکان نہیں،پٹیل

ہارون لورگاٹ کی بطور چیف تقرری کر کے پروٹیز بورڈ نے بھارت کو ناراض کر دیا، فوٹو: فائل

بھارت نے پاکستانی امیدوں کا چمن اجاڑتے ہوئے رواں برس سیریز نہ کھیلنے کا اعلان کر دیا، سیکریٹری بی سی سی آئی سنجے پٹیل کا کہنا ہے کہ اگر جنوبی افریقہ کے ساتھ معاملات طے نہ ہوئے تب بھی پڑوسی ملک سے مقابلوں کا کوئی امکان نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہارون لورگاٹ کی بطور چیف تقرری کر کے پروٹیز بورڈ نے بھارت کو ناراض کر دیا، اسی وجہ سے باہمی سیریز بھی خطرے میں پڑ چکی، ایسے میں اطلاعات سامنے آئیں کہ بھارتی ٹیم کی پاکستان سے سیریز ہو سکتی ہے مگر بی سی سی آئی کے مطابق ایسی کوئی تجویز زیرغور نہیں، میڈیا سے گفتگو میں سیکریٹری سنجے پٹیل نے کہا کہ کیلنڈر میں ممکنہ خلا پُر کرنے کیلیے پاکستان یا سری لنکا سے سیریز نہیں رکھیں گے، انھوں نے کہا کہ پروٹیز نے ہم سے مشاورت کے بغیر ازخود شیڈول تیار کر کے اعلان کر دیا، اسی وجہ سے معاملات تعطل کا شکار ہوئے اور اب ہم اگلے لائحہ عمل کا انتظار کر رہے ہیں۔




یاد رہے کرکٹ جنوبی افریقہ نے نومبر سے جنوری کے درمیان بھارت سے تین ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کا شیڈول جاری کیا تھا، بی سی سی آئی نے اسے مسترد کرتے ہوئے آئندہ ماہ ویسٹ انڈیز سے میچز طے کر لیے، اس حوالے سے دونوں بورڈز کے درمیان مذاکرات ہو چکے مگر ڈیڈلاک برقرار ہے، پٹیل کے مطابق بی سی سی آئی اس ٹور کے بارے میں قطعی فکر مند نہیں، کئی ٹیمیںبھارت سے کھیلنے کو تیار ہیں، ہمارے لیے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ انھوں نے بتایا کہ گذشتہ اتوار کو چنئی میں ورکنگ کمیٹی میٹنگ کے دوران جنوبی افریقی دورے پر کوئی بات تک نہیں ہوئی، البتہ کیریبئین اور کینگرو سائیڈز کے ٹورز کے معاملات کو منظوری دے دی گئی۔ انھوں نے بتایا کہ ویسٹ انڈیز سے سیریز کے وینیوز کا تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔
Load Next Story