کامن ویلتھ گیمز پاکستان کے مشعل کی میزبانی سے محروم رہنے کا امکان

پی او اے متوازی دھڑوں میں چپقلش کی وجہ سے پاکستان کے کامن ویلتھ گیمز مشعل کی میزبانی سے محروم رہنے کا خدشہ ہوگیا ہے۔

آرگنائزرز کو متوازی پی او اے تنازع کی وجہ سے کھلاڑیوں کے مستقبل پر خدشات۔فوٹو:فائل

پی او اے متوازی دھڑوں میں چپقلش کی وجہ سے پاکستان کے کامن ویلتھ گیمز مشعل کی میزبانی سے محروم رہنے کا خدشہ ہوگیا ہے۔

اسپورٹس بورڈ ذرائع سے معلوم ہواکہ آئندہ برس گلاسکو میں شیڈول کامن ویلتھ گیمز کی آرگنائزنگ باڈی نے مشعل کے 288 ممالک کے سفر کا شیڈول جاری کرتے ہوئے پاکستان میں 13 سے 15 اکتوبر تک اس کی میزبانی پر تحفظات ظاہر کیے ہیں، آرگنائزرز کو یہاں متوازی پی او اے تنازع کی وجہ سے کھلاڑیوں کے مستقبل پر خدشات ہیں۔ مشعل شیڈول کے مطابق11 اکتوبرکو بھارتی دارلحکومت نئی دہلی پہنچے گی، وہاں3 دن قیام کے بعد اسے 14 تاریخ کو ڈھاکا لایا جائے گا۔




اگلے روز مشعل خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور پہنچے گی،16 سے18اکتوبر تک اسے کراچی میں رکھا جائے گا، بعد ازاں سری لنکا روانہ کرنے کا ارادہ ہے، اسی طرح مشعل 288 ممالک کا دورہ کرنے کے بعد گلاسکو میں دولت مشترکہ گیمز کی افتتاحی تقریب میں روشن کی جائے گی۔ آرگنائزنگ کمیٹی نے پاکستان میں کھیلوں کی تنظیموں میں چپقلش کی وجہ سے مشعل کو یہاں بھیجنے کے حوالے سے پی او اے کے صدرجنرل(ر) عارف حسن کو تحفظات سے آگاہ کردیا ہے۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ساتھ الحاق شدہ قومی فیڈریشنز کے عہدے داروں نے صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور صدر مملکت ممنون حسین سے اپیل کی کہ وہ ملکی کھیلوں کو درپیش مسائل کو فوری حل کرنے کیساتھ کامن ویلتھ گیمز کی مشعل کو پاکستان لانے کیلیے خصوصی اقدامات کریں۔
Load Next Story