انور مقصود کا نیا ڈرامہ ’’سوا 14 اگست ‘‘ بھی اسٹیج پر پیش کردیا گیا

اس ڈرامے کے بعد اگلا ڈرامہ ’’ساڑھے 14اگست‘‘ بھی پیش کیاجائیگا۔، انور مقصود

نوجوانوں کو بہتر مستقبل کا راستہ دکھانے کے لیے 65 برس کی جھلک دکھائی، انور مقصود۔ فوٹو: فائل

معروف مصنف انورمقصود کے تحریرکردہ اسٹیج ڈرامہ ''پونے 14اگست '' کی ملک بھر میں زبردست کامیابی کے بعد اگلا ڈرامہ ''سوا 14اگست'' بھی اسٹیج پرپیش کردیا گیا۔

گزشتہ روزلاہورکے الحمراء ہال نمبر میں ڈرامے کا پریمیئرہوا۔ اس موقع پرمختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوںکی کثیر تعداد موجود تھی۔ ڈرامے میں اس مرتبہ انورمقصود نے پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقارعلی بھٹواورسابق صدرجنرل ضیاء الحق کے ادوارکو پیش کیا جب کہ دوسری جانب ریلوے اورپی آئی اے کی'' کارکردگی'' بھی حاضرین کی دلچسپی کا باعث بنی۔ ڈرامے کی کاسٹ میں شامل تمام نوجوان فنکاروں نے بڑی مہارت کے ساتھ اپنے اپنے کردار نبھائے۔ ڈرامے میں جہاں انورمقصود نے بڑی باریکی کے ساتھ لوگوں تک پیغام پہچانے کی کوشش کی وہیں ان کے طنزومزاح سے بھرپورفقرے سن کر لوگ قہقہے لگاتے رہے۔بلکہ حاضرین ڈرامے کے دوران فنکاروںکی بہترین پرفارمنس سے لطف اندوز ہوتے ہوئے تالیاں بجا کرداد دیتے رہے۔




اس موقع پرانورمقصود نے میڈیا سے گفتگوکرتے بتایاکہ ہماری نوجوان نسل کو گزشتہ 65 برسوں کے دورکے بارے میں کچھ معلومات نہیں ہے۔ میں نے اپنے اس ڈرامے کے ذریعے نوجوانوں کو ماضی کی ایک جھلک دکھائی ہے تاکہ وہ اس کودیکھ کراپنے مستقبل کے لیے بہتر راستہ اختیارکریں اورملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں۔ یہی وجہ ہے کہ ڈرامے میں اداکاری کے لیے میں سینئرفنکاروںکو بھی کاسٹ کرسکتاتھا لیکن ہم نے اس ڈرامے کوپیش کرنے کے لیے نوجوان فنکاروں کا انتخاب کیا ہے جنہوں نے بڑی محنت اورلگن کے ساتھ اس ڈرامے کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انھوںنے کہا کہ اس ڈرامے کے بعد اگلا ڈرامہ ''ساڑھے 14اگست'' بھی پیش کیاجائیگا۔
Load Next Story