خرم نے پہلی اننگز میں صفر پر وکٹ گنوانے کا ازالہ کردیا

دوسری باری میں ناقابل شکست 80 رنز، بارش سے متاثرہ وارم اپ میچ کا ڈرا پر اختتام

یواے ای میں سیریز کی تیاری کیلیے ممکنہ کھلاڑیوں کا پریکٹس میچ بارش سے شدید متاثر ہوا، فوٹو: اے ایف پی / فائل

خرم منظور نے پہلی اننگز میں صفر پر وکٹ گنوانے کا ازالہ ناقابل شکست 80 رنز بناکے کردیا۔

بارش سے متاثرہ سہ روزہ میچ کے آخری روز انھوں نے جارحانہ انداز اپنایا اور13چوکے و2چھکے لگائے، شان مسعود 25پر ناٹ آئوٹ رہے، ڈرا پر ختم ہونے والے میچ کی دوسری اننگز میں چیف منسٹر الیون نے کوئی وکٹ گنوائے بغیر111رنز بنائے، وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی قذافی اسٹیڈیم آمد کے پیش نظر سخت سیکیورٹی میں27اوورز کا کھیل ممکن ہوا۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کیخلاف یواے ای میں سیریز کی تیاری کیلیے ممکنہ کھلاڑیوں کا پریکٹس میچ بارش سے شدید متاثر ہوا، دوسرے دن صرف پہلے سیشن کا کھیل ہو سکا تھا۔




تیسرے روز ڈھائی بجے مقابلہ شروع ہوا تو چیف منسٹر الیون کو دوبارہ بیٹنگ کا موقع فراہم کردیا گیا، خرم منظور نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے کھل کراسٹروکس کھیلے، اوپنر نے 96 گیندوں پر 80رنز کی اننگز کھیلی جس میں 13چوکے اور 2چھکے شامل تھے، شان مسعود نے محتاط انداز میں 66 گیندوں پر 25رنز بناکر ان کا بھرپور ساتھ دیا،دونوں اوپنرز کے سامنے محمد عرفان، اعزاز چیمہ، ذوالفقار بابر، یاسر شاہ اور احمد جمال بے بس نظر آئے، کھیل ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تو چیف منسٹر الیون نے 27اوورز میں 111رنز بنائے تھے۔ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی آمد کے پیش نظر قذافی سٹیڈیم اور اطراف میں سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔
Load Next Story