گولڈ کپ ہاکی کے افتتاحی میچ میں پی آئی اے کامیاب

افتتاحی مقابلے میں پی آئی اے نے نیشنل بینک کو4-2 سے شکست دی

نیشنل بینک کو2-4 سے شکست، ایونٹ کا افتتاح صدر پی ایچ ایف قاسم ضیا نے کیا۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کا لاہور میں آغاز ہوگیا، افتتاحی مقابلے میں پی آئی اے نے نیشنل بینک کو4-2 سے شکست دی۔

نیشنل اسٹیڈیم لاہور میں فاتح ٹیم کی جانب سے کاشف علی نے14 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر کو کارآمد بنایا،21 ویں منٹ میں حریف سائیڈ کے شعیب نے فیلڈ گول کرتے ہوئے مقابلہ برابر کردیا۔9 منٹ بعد ائیر لائنز کے اسفر یعقوب نے دفاعی کھلاڑیوں کو چکمہ دیتے ہوئے عمدگی سے گیندکو جال میں پہنچا دیا۔44 ویں منٹ میں محمد زبیر نے پنالٹی کارنر پر گول داغتے ہوئے پی آئی اے کو 3-1 کی برتری دلائی۔ 63 ویں منٹ میں عمران خان نے فاتح سائیڈ کی جانب سے ایک اور گول بنایا۔ نیشنل بینک کے رضوان نے کھیل ختم ہونے سے2منٹ قبل پنالٹی کارنر پر گول کرتے ہوئے خسارہ 4-2 کیا،اسی اسکورپر میچ کا اختتام ہوا۔




قبل ازیں نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں ایونٹ کا افتتاح پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر قاسم ضیا نے کیا، افتتاحی تقریب میں سیکریٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد، سابق سیکریٹری آصف باجوہ، ٹورنامنٹ ڈائریکٹر خالد بشیر، اولمپئن انجم سعید، قومی ہاکی ٹیم کے کوچ طاہر زمان، اولمپئن محمد عثمان، شفقت ملک، راشد محمود بٹ و دیگر موجود تھے۔ ٹورنامنٹ میں ہفتے کو4 میچز کھیلے جائیں گے،ایچ ای سی اور پی اے ایف کی ٹیموں کے مابین پہلا مقابلہ صبح 9 بجے شروع ہوگا، پی آئی اے اور پولیس کی ٹیمیں 11 بجے مدمقابل ہونگی، نیشنل بینک اور آرمی کا میچ دوپہر1 بجے شروع ہوگا۔ ہفتے کو آخری میچ میںکسٹمز اور نیوی کی ٹیمیں سہ پہرتین بجے مدمقابل ہونگی۔
Load Next Story