چائنا ٹینس لینا کو پٹیراکیواٹوا نے باہر کا راستہ دکھادیا

لوسیا سفارووا اور کیرولین ووزینسکی کا سفر بھی تمام،نڈال اور جوکووک نے مینز سیمی فائنلز میں جگہ بنالی

ٹوکیو اوپن میں کائی نیشکوری کی ہار نے جاپانی شائقین پر سکتہ طاری کردیا۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
چائنا اوپن میں رافیل نڈال اور دفاعی چیمپئن نووک جوکووک نے سیمی فائنلز میں جگہ بنالی۔

فیصلہ کن معرکے میں رسائی کیلیے اسپینش اسٹار کا سامنا ٹوماس بریڈیچ سے ہوگا،ورلڈ نمبرون پلیئر فرنچ حریف رچرڈ گیسکوئٹ کیخلاف کورٹ سنبھالیں گے، ویمنز سنگلز میں چینی امیدوں کی محور لینا کو سابق ومبلڈن چیمپئن پیٹراکیوٹوا نے باہر کا راستہ دکھا دیا، اگنیسکا ریڈوانسکا اور سرینا ولیمز نے فائنل فور میں جگہ بنالی، جمہوریہ چیک کی لوسیا سفارووا اور کیرولین ووزینسکی کا سفر تمام ہوگیا۔ٹوکیو اوپن میں دفاعی چیمپئن کائی نیشکوری کی ہار نے جاپانی شائقین پر سکتہ طاری کردیا، ڈیل پوٹرو، رائونک اور ایوان ڈوڈگ فائنل فور مرحلے میں پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق چائنا اوپن کے مینز کوارٹر فائنلز میں سیکنڈ سیڈ رافیل نڈال نے اطالوی حریف کیخلاف اعصاب کی جنگ میں کامیابی حاصل کرلی، ورلڈ نمبر2 پلیئرکو پہلے سیٹ میں 2-6 کی ناکامی کے بعد دوسرے سیٹ میں بھی 0-4 کے خسارے کا سامنا رہا۔

رواں برس ہارڈ کورٹ میں ناقابل شکست رہنے والے نڈال نے زبردست کم بیک کرتے ہوئے دوسرے سیٹ میں اگلے6گیمز جیت کر 6-4 سے مقابلے میں واپسی اختیار کی، تیسرے سیٹ میں یکطرفہ مقابلے میں 6-1 سے فتح نے انھیں سیمی فائنل کا ٹکٹ دلا دیا، فائنل میں رسائی کیلیے انھیں جمہوریہ چیک کے 4 سیڈ ٹوماس بریڈیچ کا سامنا کرنا ہوگا، جنھوں نے دوسرے کوارٹر فائنل میں جون اسنر کو 7-5 اور6-2 سے ہرایا، اسپین کے تھرڈ سیڈ ڈیوڈ فیرر کو فرنچ پلیئر رچرڈ گیسکوئٹ نے6-3 اور6-4 سے شکست دی، ٹاپ سیڈ سربیا کے نووک جوکووک نے امریکی حریف سام کیورے کو 6-1 اور6-2 سے ٹھکانے لگاکر فائنل فور میں قدم رکھا۔ویمنز کوارٹرفائنلز میں چینی امیدوں کا محور لینا کو سابق ومبلڈن چیمپئن پیٹراکیوٹوا نے باہر کا راستہ دکھا دیا۔




ان کی فتح کا اسکور 4-6، 6-2 اور6-4 رہا، تھرڈ سیڈ اگنیسکا ریڈوانسکا نے جرمن پلیئر اینجلیک کیربر کو 7-6 اور6-4 سے مات دے دی، 8 سیڈ سربیا کی جیلینا جینکووچ نے جمہوریہ چیک کی لوسیا سفارووا کا قصہ6-7(3/7)، 6-4 اور 6-4 سے تمام کردیا، رواں سیزن میں بے مثال کارکردگی پیش کرنے والی امریکی اسٹار سرینا ولیمز نے 6سیڈ ڈینش حریف کیرولین ووزینسکی پر 6-1 اور 6-4 سے غلبہ پالیا، دوسری جانب ٹوکیو میں جاری جاپان اوپن میں دفاعی چیمپئن میزبان ہیرو کائی نیشکوری کو اسپین کے نکولس الماگرو نے ٹھکانے لگا دیا، نیشکوری کی 10 میچز فتوحات کا سلسلہ رک جانے پر گرائونڈ میں موجود 9 ہزار شائقین پر سکتہ طاری ہوگیا،کوارٹر فائنلز میں دفاعی چیمپئن کائی نیشکوری کو اسپینش پلیئر نکولس الماگرو بھاری پڑگئے۔

فورتھ سیڈ میزبان اسٹار اپنی تمامتر کاوشوں کے باوجود ان پر غلبہ پانے میں ناکام رہے، الماگرو نے پہلا سیٹ ٹائی بریکر پر 7-6(7/2) سے جیتا البتہ نیشکوری نے دوسرے سیٹ میں ہمت دکھاتے ہوئے 7-5 سے کامیابی کی بدولت مقابلے میں واپسی اختیارکی، تیسرے اور فیصلہ کن سیٹ میں بازی ایک مرتبہ پھر الماگرو نے 6-3 سے جیت لی، ٹاپ سیڈ ارجنٹائن کے جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو نے یوکرینی حریف الیگزینڈر ڈولگوپولوف کو4-6 ، 6-4 اور 6-2 سے زیر کرلیا، گذشتہ برس کے فائنلسٹ کینیڈا کے تھرڈ سیڈ میلوس رائونک نے سلواکین پلیئر لوکاس لیکو کیخلاف 6-3 ، 6-3 سے کامیابی سمیٹی، کروشین پلیئر ایوان ڈوڈگ نے فن لینڈ کے جارکو نمینن کو 6-2، 7-6(7/3) سے واپسی کا پروانہ تھمادیا۔
Load Next Story