کراچی میں گینگسٹرز سیاسی کارکنوں سمیت 53 افراد زیر حراست

رینجرز کے ہاتھوں گلشن اقبال سے ایک ہفتے قبل حراست میں لیے گئے ایک ملزم کی گلستان جوہر پولیس نے گرفتاری ظاہر کر دی

نیو کراچی میں 100 افراد کے قتل میں ضمانت پر رہا ملزم کے گھر پر رینجرز کا چھاپہ۔ فوٹو: فائل

رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں مشترکہ ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران ٹارگٹ کلر سمیت 53مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ملزمان کا تعلق لیاری گینگ اور سیاسی جماعتوں سے بتایا جاتا ہے، رینجرز نے ڈیفنس اور بریگیڈ میں اسنیپ چیکنگ بھی کی۔ رینجرز کے ہاتھوں گلشن اقبال سے ایک ہفتے قبل حراست میں لیے گئے ایک ملزم کی گلستان جوہر پولیس نے گرفتاری ظاہر کر دی۔ رینجرز نے نیو کراچی کے علاقے صدیق اکبر مسجد کے عقب سے ایک سیاسی تنظیم کے مبینہ ٹارگٹ کلر شجاعت ہاشمی عرف شجاع کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے، واضح رہے کہ شجاعت ہاشمی کو اس سے قبل بھی100سے زائد افراد کے قتل میں گرفتار کیا گیا تھا لیکن ثبوت پیش نہ کرنے پر عدالت نے اسے ضمانت پر رہا کر دیا تھا، رینجرز ترجمان کے مطابق ملزم شجاعت پر متعدد افراد کے قتل کا الزام ہے۔




رینجرز نے آگرہ تاج کالونی، شریف آباد، کورنگی، ناتھا خان گوٹھ، گرین پارک سٹی بن قاسم، سائٹ، ایف بی ایریا، بنارس، پاک کالونی، شاہ فیصل کالونی، ڈاکخانہ چورنگی، لعل شہباز نگر، اورنگی ٹاؤن، فلک ناز ملیر، سکندر گوٹھ، دھوبی گھاٹ، چھوٹی مارکیٹ لانڈھی، نصرت بھٹو کالونی اور لیاقت کالونی لیاری میں ٹارگٹڈ آپریشن اور ڈیفنس سلطان مسجد ، خدا داد کالونی اور یونیورسٹی روڈ پر اسنیپ چیکنگ کے دوران 36مشتبہ افراد کو حراست میں لینے اوربھاری مقدار میں اسلحہ اور دستی بم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ بلال کالونی پولیس نے نیو کراچی سیکٹر5E میں چھاپہ مار کر سیاسی تنظیم کے کارکن ثاقب کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا۔

گارڈن پولیس اور رینجرز نے لیاری اور پرانا گولیمار میں سیاسی تنظیم کے 3 کارندوں زاہد عرف جوگیلا، کاشف عرف سہیل اور ظہور کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا، پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزمان 12سے زائد افراد کے قتل میں ملوث ہیں۔ محمود آباد پولیس اور رینجرز نے چنیسر گوٹھ سے12سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ گلشن اقبال ضیا الحق کالونی کے رہائشی ایک سیاسی جماعت کے یونٹ کے ذمے دار حافظ قاری نور السلام سمیت14 افراد کو 5 روز قبل رینجرز نے ان کے گھروں سے بلا کر حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا تھا ۔
Load Next Story