کے ای ایس سی کی طویل لوڈشیڈنگ سے شہری بلبلا اٹھے

لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی 8 سے 10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

گرمی کی شدت میں اضافے کے بعد بھی کے ای ایس سی نے بھی لوڈ شیڈنگ میں اضافہ کر دیا ہے۔ فوٹو: فائل

کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی نے غیراعلانیہ طور پر شہر میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ شروع کردی۔

ہفتے کو شہر کے متعدد علاقوں میں مسلسل 8 سے 10 گھنٹے کیلیے بجلی کی فراہمی معطل رہی جبکہ دیگر علاقوں میں بھی3 سے 4 گھنٹے کیلیے دن میں کئی مرتبہ بجلی کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو بے حال کردیا ہے، گرمی کی شدت میں اضافے کے بعد بھی کے ای ایس سی نے اپنی پیداوار میں اضافہ کرنے کے بجائے مزید کمی کردی ہے، مرکزی شکایتی نمبر پر خودکار پیغام میں کہا جارہا ہے کہ قدرتی گیس کی کمی کی وجہ سے لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں معمولی اضافہ کیا گیا ہے، تفصیلات کے مطابق کے ای ایس سی نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے شہر میں ایک مرتبہ پھر بدترین لوڈشیڈنگ شروع کردی ہے، لوڈشیڈنگ سے مستثنی علاقوں میں بھی 8 سے 10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

جبکہ ڈیفنس، کلفٹن ، گرین ٹاؤن ، شاہ فیصل کالونی، کورنگی، بلدیہ ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن، نارتھ کراچی، گلستان جوہر، ابوالحسن اصفہانی روڈ، گلزار ہجری، ملیر شاہ فیصل کالونی، برنس روڈ، برنس گارڈن، اولڈ سٹی ایریا، پی آئی بی، گارڈن، محمود آباد، منظور کالونی سمیت شہر کے متعدد علاقوں میں مسلسل 8 سے 10 گھنٹے بجلی کی فراہمی معطل رہی، شدید گرمی کے موسم میں بجلی کی عدم فراہمی سے تنگ آجانے والے شہری جب کے ای ایس سی کال سینٹر پر فون کرتے تھے تو خودکار پیغام میں کہا جارہا تھا کہ قدرتی گیس کی فراہمی میں کمی کی وجہ سے لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں معمولی کمی گئی ہے۔




شہریوں نے اس سلسلے میں جب کال سینٹر پر تعینات آپریٹرز سے دریافت کیا تو انھوں نے بتایا کہ لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں آدھے گھنٹے کا اضافہ کیا گیا ہے تاہم حقیقی طور پر شہر بھر میں 12 سے 16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی تھی، شہر کے متعدد علاقوں میں رات گئے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری تھا، ذرائع نے بتایا کہ سوئی سدرن گیس نے کے ای ایس سی کو گیس کی فراہمی میں 50 ایم ایم سی ایف ڈی کی کمی ہے کے ای ایس سی کو اس وقت بھی ڈیڑھ سو ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی فراہمی جاری ہے، تاہم اس کمی کو بہانہ بنا کر کے ای ایس سی انتظامیہ نے شہر بھر میں طویل دورانیے کے لوڈشیڈنگ شروع کردی ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ کے ای ایس سی تاحال نجی بجلی گھروں سے بجلی حاصل نہیں کررہی ہے اور نہ ہی فرنس آئل پر اپنے بجلی گھروں سے بجلی حاصل کررہی ہے، ذرائع نے کہا کہ کے ای ایس سی انتظامیہ کسی بھی صورت میں شہریوں کو بجلی کی فراہمی میں سنجیدہ نہیں ہے، انتظامیہ تمام تر توجہ اخراجات میں کمی اور اپنی آمدنی میں اضافے پر مرکوز ہے، شہریوں نے بتایا کہ رات کے وقت کے ای ایس سی کے کال سینٹر 118 پر صارفین کی کالز کو وصول کرنے والا کوئی نہیں ہوتا جس کی وجہ سے شہری یہ جاننے سے بھی قاصر رہتے ہیں کہ ان کے علاقے میں بجلی کی عدم فراہمی کی وجہ کیا ہے۔
Load Next Story