ورلڈ کپ میں پہنچتے ہی افغانستان کی قسمت جاگ اٹھی

ڈالرز کی برسات میں دل بھر کر بھیگنے کا موقع میسر آگیا، 10 لاکھ خزانے میں جمع ہوں گے

، کرکٹ ہمارے ملک کا مقبول ترین کھیل ہے،چیف اے سی بی ،ڈاکٹر نور۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

ورلڈ کپ میں پہنچتے ہی افغانستان کی قسمت جاگ اٹھی، ڈالرز کی برسات میں دل بھر کر بھیگنے کا موقع میسر آگیا، لاکھوں ڈالرز افغان کرکٹ بورڈ کے خزانے میں جمع ہونے والے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق افغان ٹیم نے متحدہ عرب امارات میں کینیا کو ورلڈ لیگ کے دونوں میچز میں ہرا کر2015 کے میگا ایونٹ میں جگہ بنالی، اسے پہلی بار کرکٹ کے سرتاج ایونٹ میں پرفارم کرنے کا موقع ملے گا، اسی کے ساتھ اس پر دولت کے دروازے بھی کھل گئے، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں مشترکہ طور پر شیڈول ٹورنامنٹ سے قبل تیاریوں کی مد میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل افغانستان کو بھی دیگر کوالیفائی کرنے والی ایسوسی ایٹ ٹیموں اور دس فل ممبران کی طرح 10 لاکھ ڈالرادا کرے گی۔




رواں برس اپریل میں بھی افعانستان کرکٹ بورڈ کو آئی سی سی بورڈ کی جانب سے ٹارگیٹڈ اسسٹنس و پرفارمنس پروگرام (ٹی اے پی پی) کے تحت 4 لاکھ 22 ہزار ڈالر جاری کیے جا چکے۔ 2014 میں افغانستان سمیت ٹاپ آئی سی سی ایسوسی ایٹ اور ایفیلیٹ ممبران کو ڈیولپمنٹ فنڈنگ پالیسی کے تحت ساڑھے سات لاکھ ڈالر ملیں گے۔ اے سی بی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر محمد نور کا کہنا ہے کہ اس رقم کے ساتھ حکومتی گرانٹ اور اسپانسر شپ کی مد میں بھی بورڈ کو ساڑھے 8 لاکھ ڈالرز ملیں گے۔

انھوں نے کہا کہ ہم پہلے ہی اپنے پلان پر کام شروع کرچکے، ورلڈ کپ کی تیاری کیلیے تین ماہ کا کیمپ لگائیں گے، کرکٹ ہمارے ملک کا مقبول ترین کھیل ہے، کینیا کے خلاف میچز سرکاری ٹی وی پر براہ راست نشر ہوئے جنھیں بڑی تعداد نے دیکھا، ہمارے لیے یہ خوشی کی بات ہے کہ ملک میں اس کھیل کو پسند کیا جاتا ہے، صدر کرزئی نے بھی ٹی وی پر ہمارا کینیا سے دوسرا ون ڈے میچ دیکھا تھا۔ واضح رہے کہ آئندہ ماہ یو اے ای میں ورلڈ ٹوئنٹی 20 کیلیے کوالیفائنگ میچز ہونا ہیں، اگر افغانستان نے ویسٹ انڈیز اور سری لنکا میں کھیلے گئے ایونٹس کی طرح اس بار بھی میگا ایونٹ میں جگہ بنائی تو اسے اضافی ڈھائی لاکھ ڈالر ملیں گے، میگا ایونٹ اگلے برس بنگلہ دیش میں شیڈول ہے۔
Load Next Story