بھارت کا حالیہ دورہ محض ڈالرز کمانے کیلیے ہے ای ین چیپل

ای ین چیپل نے اہم سیریز سے قبل ٹیم کے دورۂ بھارت کو بے کار اور ٹیم مورال کیلیے نقصان دہ قراردیدیا

ایشز سے قبل اسپن وکٹوں پر میچز سے آسٹریلوی ٹیم کو نقصان پہنچے گا، سابق کپتان۔ فوٹو: فائل

آسٹریلوی بورڈ پر بھی دولت کے پجاری کا الزام عائد ہوگیا، بھارت کے خلاف رواں ماہ شیڈول ون ڈے سیریز کو صرف ڈالرز کمانے کی وجہ قرار دیا جارہا ہے۔

سابق کپتان ای ین چیپل کا کہنا ہے کہ ایشز سیریز سے قبل اسپن وکٹوں پر میچز سے ٹیم کو کافی نقصان پہنچے گا۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی ٹیم نے بھارت کے خلاف رواں ماہ ایک ٹوئنٹی 20 اور 7 ون ڈے میچز کی سیریز سیریز کھیلنی ہے، اس کے زیادہ تر کھلاڑی ویسے ہی فٹنس مسائل سے دوچار جبکہ وطن واپسی پر ایک بار پھر کینگروز کو اپنے روایتی حریف انگلینڈ کا ایک اور ایشز سیریز میں سامنا کرنا ہے۔ سابق آسٹریلوی کپتان ای ین چیپل نے اہم سیریز سے قبل ٹیم کے دورۂ بھارت کو بے کار کی مشق قرار دینے کے ساتھ ٹیم کے مورال کیلیے نقصان دہ بھی قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایشز سیریز سے قبل دورۂ بھارت پر راضی ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کو بھی ڈالرز کا نشہ ہوچکا ہے۔




کینگروز کی ٹیسٹ ناکامیوں کا سلسلہ دراز ہوتا جارہا ہے خاص طور پر اس کی سب سے بڑی کمزوری ہی اسپن بولنگ کے سامنے ناقص بیٹنگ ہے، ایسے میں بھارت میں کرکٹ کھیلنے سے ان کے حوصلے مزید پست ہوسکتے ہیں۔ چیپل نے بھارت کے خلاف سیریز کیلیے آسٹریلوی اسکواڈ میں کپتان مائیکل کلارک کی عدم موجودگی کو بھی ایک بہت بڑا دھچکا قرار دیا وہ کمر کی دیرینہ تکلیف کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں ہیں، چیپل کا کہنا ہے کہ کلارک اسپن بولنگ کے ایک عمدہ بیٹسمین ہیں، ان کی کمی شدت سے محسوس ہوگی، اسی ٹیم میں سے کچھ کھلاڑی ایشز سیریز کیلیے بھی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے اگر بھارت سے ایک روزہ میچز میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تو ان کی کارکردگی میگا سیریز میں بھی مایوس کن رہے گی، بھارت کے خلاف سیریز کی وجہ سے سلیکٹرزکیلیے ایشز اسکواڈ کا انتخاب بھی دشوار ہوسکتا ہے۔
Load Next Story