چائنا اوپن سرینا ولیمز سیزن کی 10 ویں ٹرافی جیتنے میں سرخرو

جوکووک نے نڈال سے نمبرون پوزیشن چھین لینے کا بدلہ لے لیا، سرب اسٹاراعزازکے دفاع میں کامیاب

فیصلہ کن معرکے میں سربین اسٹار نے اسپینش حریف کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-3 اور6-4 سے پچھاڑ دیا۔ فوٹو: فائل

چائنا اوپن میں امریکی سپراسٹار سرینا ولیمز نے سیزن کی 10ویں ٹرافی جیت لی۔

انھوں نے فیصلہ کن معرکے میں سربیا کی جیلینا جینکووچ کو مات دے دی، رافیل نڈال کو سیزن میں پہلی ہارڈ کورٹ شکست سے دوچار کرتے ہوئے نووک جوکووک نے چائنا اوپن میں مینز سنگلز ٹائٹل کا دفاع کرلیا، فیصلہ کن معرکے میں سربین اسٹار نے اسپینش حریف کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-3 اور6-4 سے پچھاڑ دیا، ایونٹ میں سوفیصد کامیابی کا ریکارڈ برقرار رکھتے ہوئے جوکووک نے چوتھی مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز پایا، تاہم پیر کو جاری ہونے والی نئی اے ٹی پی رینکنگ میں انھیں دوسری پوزیشن پر جانا پڑے گا، ٹوکیو اوپن میں ارجنٹائن کے ڈیل پوٹرو نے کینیڈین حریف میلوس رائونک کو پچھاڑ دیا۔تفصیلات کے مطابق چائنا اوپن کے ویمنز سنگلز میں ورلڈ ٹاپ پلیئر سرینا ولیمز نے سربیا کی جیلینا جینکووچ کو باآسانی 6-2 ،6-2 سے مات د دی، یہ سیزن میں سرینا کی 10ویں ٹرافی رہی، جیلینا نے دوسرے سیٹ کے تیسرے گیم میں امریکی حریف کی سروس بریک کرکے ان کیلیے وقتی طور پر پریشانی کا سامان کیا لیکن سرینا کے تجربے کے سامنے ان کی تمام ترکیبیں ناکام ہوگئیں۔

سرینا نے گذشتہ ماہ ایک سیزن میں سب سے زیادہ 9 ملین ڈالر انعامی رقم پانے والی پہلی خاتون کھلاڑی کا اعزاز بھی پایا تھا، سرینا نے اس سے قبل 2004 میں بھی چائنا اوپن کی ٹرافی تھامی تھی جبکہ جیلینا جینکووچ نے 2008 میں بیجنگ کی فاتح بننے میں کامیابی پائی تھی، مینز سنگلز میں سربیا کے نووک جوکووک عالمی رینکنگ میں اپنی ٹاپ پوزیشن تو نہیں بچاسکے لیکن انھوں نے فائنل میں اسپینش اسٹار رافیل نڈال کو 6-3 اور 6-4 سے مات دیکر اعزاز کا دفاع کرلیا، یہ رواں سیزن میں نڈال کی ہارڈ کورٹ پر پہلی ناکامی بھی ثابت ہوئی، رواں سیزن میں 10 ٹائٹلز اپنے نام کرنے والے نڈال فائنل کے آغاز میں ہی بجھے بجھے دکھائی دیے، سرب پلیئر جوکووک نے کھیل کے ابتدائی 10 منٹ میں پہلے سیٹ کے ابتدائی تینوں گیمز جیت لیے، جس کے مزید 25 منٹ بعد انھوں نے پہلا سیٹ 6-3 سے اپنے نام کرلیا، تاہم دوسرے سیٹ کے پہلے گیم میں دونوں پلیئرز کی جانب سے پیش کیے جانیو الے عمدہ کھیل سے شائقین خاصے محظوظ ہوئے۔




اس کشمکش میں نڈال نے پوائنٹ جیتا لیکن جوکووک نے سروس بریک کرتے ہوئے گیم اپنے نام کرلیا، تاہم اس کے بعد جوکووک نے اپنے حواس کو قابو میں رکھا، ایک گھنٹے 27 منٹ کی آزمائش میں سرب پلیئر کا پلڑا بھاری رہا ، نڈال نے فائنل میں رسائی کی صورت پہلے ہی جوکووک کو ان کی ٹاپ پوزیشن سے محروم کرنے کا انتظام کرلیا تھا، ٹائٹل جیتنے پر جوکووک کو 557, 100 امریکی ڈالر کی انعامی رقم کے ساتھ 500 اے ٹی پی پوائنٹس بھی مل گئے، تاہم باہمی مقابلوںمیں اب بھی نڈال کو جوکووک کیخلاف 22-15 کی برتری حاصل ہے۔دوسری جانب ٹوکیو میں ٹاپ سیڈ جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو نے جاپان اوپن کی ٹرافی ہتھیالی، انھوں نے فائنل میں کینیڈا کے میلوس رائونک کو 7-6(7/5) اور7-5 سے شکست دیدی، یہ ڈیل پوٹرو کا سیزن میں تیسرا ٹائٹل ثابت ہوا، تھرڈ سیڈ رائونک گذشتہ برس بھی رنر اپ ٹرافی تک محدود رہے تھے اور اس مرتبہ بھی انھیں فائنلسٹ ہونے کا ہی اعزاز مل پایا، مقابلہ ایک گھنٹہ 46 منٹ تک جاری رہا۔

اس کامیابی پر ارجنٹائن کے ڈیل پوٹرو کو 3 لاکھ 12 ہزار امریکی ڈالر کے علاوہ ایک درجے ترقی کے بعد پانچویں پوزیشن بھی ملے گی، اس کے علاوہ ان کی سیزن کے اختتامی اے ٹی پی میں شرکت کا امکان بھی مزید روشن ہوگیا ہے، دوسری جانب رائونک نے گذشتہ ہفتے بنکاک میں اپنے کیریئر کا پانچوں اے ٹی پی ٹائٹل جیتا تھا، وہ بھی فائنل تک پہنچنے پر ایک درجے بہتری کے بعد دنیا کے ٹاپ 10 پلیئرز کی صف میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوجائینگے۔ علاوہ ازیں چین کے شہر شنگھائی میں شروع ہونیوالے ماسٹرز ایونٹ کے پہلے رائونڈ مقابلوں میں جمہوریہ چیک کے لوکاس روسول نے فرنچ حریف جولین بینیٹو کو 6-3،1-6 اور6-3 سے زیر کرلیا، ارجنٹائن کے کارلوس بیرلوک نے روسی کھلاڑی دیمتیری ترسنوف کو 4-6،6-4 اور6-4 سے مات دیکر دوسرے رائونڈ میں جگہ بنالی، جرمنی کے فلورین میئر نے چینی امیدوں کے محور وو ڈی کو 6-3،6-3 سے شکست دی، اسپین کے پبلو الیجاندرو کے مقابل آنیو الے روسی پلیئر میخائل یوزنی 5-2 کے اسکور پر ریٹائرڈ ہوگئے۔
Load Next Story