گولڈ کپ ہاکی ایچ ای سی نے کسٹمز کو 21 سے زیر کرلیا

واپڈا نے پاکستان ایئرفورس کو7-2سے مات دی، پورٹ قاسم کیخلاف آرمی نے 4-1سے فتح کو گلے لگا لیا

لاہور : گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں آرمی اور پورٹ قاسم کمیٹی کے درمیان مقابلے کا ایک منظر۔فوٹو: ایکسپریس

گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے مزید 3 میچزکا فیصلہ ہوگیا۔ایچ ای سی، واپڈا اورآرمی نے اپنے میچز جیت لیے۔

نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہورمیں ہونے والے پہلے میچ میں ہائر ایجوکیشن کمیشن نے کسٹمز کو ایک کے مقابلے میں2 گول سے شکست دی، کھیل کے پہلے ہاف کی ابتدا میں دونوں ٹیموں نے دفاعی انداز اپنایا جس کی وجہ سے کسی کو بھی گول کرنے میں کامیابی نہ حاصل ہو سکی تاہم میچ کے 20 منٹ بعد کسٹم نے اپنی حکمت عملی تبدیل کی اور جارحانہ انداز اپناتے ہوئے حریف ٹیم پر پے درپے حملوں کا سلسلہ شروع کیا جس کی بدولت پہلے ہاف کے آخری منٹ میں کسٹمز کی طرف سے رضوان خان گول داغنے میں کامیاب ہوگئے۔




دوسرے ہاف میں ایچ ای سی نے بہتر کھیل پیش کیا اور کسٹمز دفاعی کھلاڑیوں کو خاصا ٹف ٹائم دیا، راشد سردار نے کھیل کے 48ویں منٹ میں گول کرکے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا، 3 منٹ کے بعد ہی اسد عزیز نے حریف کا دفاعی حصار توڑتے ہوئے ایچ ای سی کو ایک گول کی برتری دلا دی جو کھیل کے اختتام تک برقراررہی۔دوسرے میچ میں واپڈا نے یکطرفہ مقابلے میں پی اے ایف کو 2 کے مقابلے میں 7گول سے زیر کیا۔ پہلے ہاف کے ختم ہونے تک فاتح ٹیم کو حریف سائیڈ کے خلاف 3-1 کی برتری حاصل تھی۔

واپڈا کی طرف سے وقاص شریف اور اسد نے دو بار گیند کوجال کا راستہ دکھایا جبکہ شہباز، عمران اور جعفر کی ایک، ایک کوشش کامیاب ہوئی۔ پی اے ایف کی طرف سے مشتاق اور سید شاہ اسکورر تھے۔ تیسرے میچ میں آرمی نے پورٹ قاسم کو ایک کے مقابلے میں 4 گول سے زیر کیا۔پہلے ہاف کے اختتام پر اسکور 3-0تھا۔آرمی کی طرف سے سفیر حسین نے 2 جبکہ حسین عارف اور فراز نے ایک، ایک گول کیا۔پورٹ قاسم کی طرف سے واحد گول جاوید مظہر نے کیا۔آج ایونٹ کے مزید 2 مقابلے ہوں گے۔واپڈا کا مقابلہ نیوی سے ہو گا جبکہ پولیس حریف سائیڈ پورٹ قاسم کے خلاف میدان میں اترے گی۔
Load Next Story