پریمیئر فٹبال مسلم کلب چمن نے افغان ٹیم کو مات دیدی

لیگ کے54 ویں میچ میں کے پی ٹی بینظیراسپورٹس کمپلیکس کے فٹبال اسٹیڈیم پردلچسپ مقابلہ ہوا

میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول حیات اللہ نے کھیل کے 68ویں منٹ میں اسکورکیا۔ فوٹو: فائل

10 ویں پاکستان پریمیئر فٹبال لیگ میں مسلم فٹبال کلب چمن نے افغان فٹبال کلب چمن کو1-0 سے شکست دے دی۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے تحت ہونے والی اس لیگ کے54 ویں میچ میں کے پی ٹی بینظیراسپورٹس کمپلیکس کے فٹبال اسٹیڈیم پردلچسپ مقابلہ ہوا، دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے خلاف تابڑ توڑ حملے کیے، تاہم پہلے ہاف کے خاتمہ تک کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی،کھیل کے 68 ویں منٹ میں ایک عمدہ کوشش کے نتیجہ میں ملنے والے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مسلم فٹبال کلب کے حیات اللہ نے گیند کو جال میں پھینک کر اپنی ٹیم کو 1-0 کی برتری دلوا دی جو حتمی ثابت ہوئی۔




بعد میں کوششوں کے باوجود کوئی بھی ٹیم گول نہ کرسکی،ریفری نے کامیاب ٹیم کے دو کھلاڑیوں حیات اللہ (25) اورایم حنیف(53)کو بطور تنبیہ یلو کارڈ دکھائے جبکہ کھیل کے74 ویں منٹ میں حریف ٹیم کے عبدالقاہر کو بھی یلو کارڈ کا سامنا کرنا پڑا، میچ ریفری علی نواز نے افغان فٹبال کلب کے گول کیپر فضل حق کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا جبکہ کامیاب ٹیم کے حیات اللہ نے بہترین اسکورر کا اعزاز حاصل کیا،لیگ میں پیر کو کراچی میں آرام کا دن ہے ۔
Load Next Story