29 نومبر کو ریٹائر ہوجاؤں گا آرمی چیف کا اعلان

عوامی خواہشات جڑ پکڑچکی ہیں اور ملک میں آئینی نظام رائج ہے،مسلح افواج جمہوری عمل کومستحکم کرنے کی خواہاں ہیں

مجھے اس عظیم قوم کی خدمت اور دنیا کی بہترین فوج کی6سال تک قیادت کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ فوٹو: فائل

پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے29 نومبر 2013کو اپنے عہدے کی میعاد پوری ہونے پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ادارے اور روایات افراد سے زیادہ مضبوط ہوتے ہیں، مجھے اس عظیم قوم کی خدمت اور دنیا کی بہترین فوج کی6سال تک قیادت کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج جمہوری عمل کی مکمل حمایت کرتی ہیں اور اسے مستحکم کرنے کی خواہاں ہیں، خود پر اور پاک فوج پر اعتماد کے اظہار پر سیاسی قیادت اور قوم کا شکرگزار ہوں ۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق اپنے مستقبل کے حوالے سے میڈیا رپورٹوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہاکہ گزشتہ کچھ عرصے سے میری موجودہ ذمے داریوں اور مستقبل کے ممکنہ منصوبوں کے حوالے سے ہر طرح کی قیاس آرائیوں اور افواہوں کے ساتھ میڈیا میں بحث جاری ہے۔




میری نئی ذمے داریوں کے حوالے سے بھی بات کی گئی ہے۔ اپنی قومی تاریخ کے اس اہم موڑ پر میں خود پراور پاک فوج پر اعتماد کا اظہار کرنے پر سیاسی قیادت اور قوم کا شکرگزار ہوں تاہم میں اس عمومی رائے کا اظہار کرنا چاہتا ہوں کہ ادارے اور روایات افراد سے زیادہ مضبوط ہوتے ہیں۔ اب جبکہ میں اپنا عرصہ ملازمت مکمل کررہا ہوں، عوامی خواہشات جڑ پکڑچکی ہیں اور ملک میں آئینی نظام رائج ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج اس جمہوری عمل کی مکمل حمایت کر تی ہیں اور اسے مستحکم کرنے کی خواہاں ہیں۔ پاک فوج نے واضح سوچ کے ساتھ پاکستان کی ضروریات کاجامع انداز میں ادراک کرتے ہوئے اس مقصد کیلیے اپنا حصہ ڈالا ہے۔

مسلح افواج نے لاتعداد مواقع پر اپنی انمول قربانیوں کے ذریعے ثابت کیا ہے کہ وطن کا دفاع اور خوشحالی ان کی اعلیٰ ترین ترجیح ہے۔ مجھے 6برس تک دنیا کی بہترین فوج کی قیادت کا موقع ملا اور اب یہ دوسروں کی باری ہے کہ وہ پاکستان کو ایک حقیقی طور پر جمہوری، خوشحال اور پرامن ملک بنانے کا مشن آگے بڑھائیں جس کا خواب ہمارے آبائو اجداد نے دیکھا تھا۔ جنرل کیانینے کہاکہ میرا عرصہ ملازمت 29 نومبر2013 کو ختم ہورہا ہے اور میں اس روز ریٹائر ہوجائوں گا۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کی مدد اور رہنمائی فرمائے۔ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے ان اطلاعات کو مسترد کردیا ہے کہ وہ اپنی مدت ملازمت میں توسیع کے خواہشمند ہیں۔

https://www.dailymotion.com/video/x15nf5f_29-nov-2013-will-be-the-last-day-of-general-kyani_news
Load Next Story