کراچی میں فائرنگ متحدہ کے کارکن سمیت 3 ہلاک

گلشن غازی میں مسجدکےقریب نامعلوم ملزمان دھماکا خیز مواد پھینک کر فرار ہو گئے،امام مسجد اور انکے بیٹے سمیت3افراد زخمی

پٹھان کالونی میں واقع پمپ کے قریب واقع جھونپڑی سے25 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی ۔ فوٹو: فائل

NOWSHERA:
شہر کے مختلف علاقوں سے2 افراد کی لاش ملیں ، سر جانی ٹائون اور ملیر کالابورڈ میں فائرنگ سے 2 افراد ہلاک ہوگئے۔

بلدیہ ٹاؤن گلشن غازی میں مسجد کے قریب نامعلوم ملزمان دھماکا خیز مواد پھینک کر فرار ہو گئے جو ایک زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں امام مسجد اور ان کے بیٹے سمیت3افراد زخمی ہوگئے ، دھماکے کے باعث علاقے میں خوف ہراس پھیل گیا۔ تفصیلات کے مطابق سائٹ اے تھانے کی حدود پٹھان کالونی میں واقع ٹوٹل پمپ کے قریب واقع جھونپڑی سے25 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی ۔ مقتول کی شناخت ممکن نہیں ہو سکی۔ شاہ فیصل کالونی تھانے کی حدود پنجاب گرائونڈ کے قریب کچرا کنڈی سے بھی نامعلوم معمر شخص کی 2 سے 3 روز پرانی لاش ملی،ا س کی بھی شناخت نہیں ہوسکی۔سرجانی ٹائون تھانے کے حدود خیر محمد گوٹھ میں واقعے بھینسوں کے باڑے میں فائرنگ کے واقعے میں60 سالہ کریم بخش ولد محمد عمر زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

ایس ایچ او سر جانی ٹائون اشفاق بلوچ کے مطابق ہفتے اور اتوارکی درمیانی شپ 3 نامعلوم مسلح ملزمان خیر محمد گوٹھ میں واقع کریم بخش نامی شخص کے باڑے میں داخل ہوئے اور بھینسیں چرانے کی کوشش کی تو کریم بخش نے ایک ملزم کو پکڑ لیا جس پر دوسرے ملزم نے کریم بخش پر فائرنگ کردی اور ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ شاہ لطیف تھانے کی حدود میں پی ایم ٹی روڈ پر واقع بھینسوں کے باڑے میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر ملزمان کی فائرنگ سے40 سالہ رب نواز زخمی ہو گیا۔سعود آباد کے علاقے ملیر کالا بورڈ شیشہ والی گلی میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے عادل مراد ولد مراد علی مراد ہلاک ہو گیا جبکہ موٹر سائیکل کی عقبی سیٹ پر بیٹھا اس کا بھائی مانی معجزانہ طور پر بچ گیا۔ ہلاک ہونے والے کی لاش ملیر کالا پل پر واقعے نہال اسپتال لے جائی گئی جہاں سے موت کی تصدیق کے بعد لاش پولیس کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچائی گئی۔




مقتول سعود آباد کا رہائشی اور متحدہ قومی موومنٹ ملیر سیکٹر یونٹ100 کا کارکن تھا جبکہ اس کے والد مراد علی مراد نے دنیا بھر میں شہرت حاصل کرنے والا قومی ترانہ ''دل دیا ہے جاں بھی دیں گے اے وطن تیرے لیے'' گایا تھا۔ پولیس کے مطابق واقعے کے وقت مقتول اپنے بھائی کے ساتھ جا رہا تھا کہ ملیر ٹنکی کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے انھیں روکنے کی کوشش کی جہاں ان کی تلخ کلامی بھی ہوئی۔ ملزمان نے تعاقب جاری رکھا اور سنسان جگہ دیکھ کر عادل کے سینے میں ایک گولی مار دی ۔ گلشن معمار کے علاقے ناردرن بائی پاس افغان بستی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے25سالہ محمد حماد ولد محمد یوسف زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا ، زخمی ہونے والا گلشن معمار سیکٹرZ/6 مکان نمبرA/208کا رہائشی ہے۔ لانڈھی نمبر6میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 25 سالہ عبد القدیر ولد انتظار احمد، چنیسر گوٹھ مغیری محلہ میں40 سالہ خالد ولد ذوالفقار بٹ، کیماڑی کچھی پاڑہ میں فائرنگ سے18 سالہ جنید زخمی ہو گیا۔

دریں اثنا اتحاد ٹاؤن تھانے کی حدود بلدیہ ٹاؤن گلشن غازی روٹ نمبرG-7منی بس کے آخری اسٹاپ کے قریب گلی میں واقع جامع مسجد توحید کے قریب نامعلوم ملزمان دھماکہ خیز مواد پھینک کر فرار ہو گئے ، دھماکا خیز مواد زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں وہاں سے گزرنے والے مذکورہ مسجد کے پیش امام34سالہ قاری گل نواز ولد عبد الطیف ان کا دو سالہ بیٹا اور مولانا فاروق زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لیے سول اسپتال لے جایا گیا ، دھماکے کی آواز سن کر علاقہ مکین خوفزدہ ہو کر اپنے گھروں سے باہر نکل آئے جبکہ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور بم ڈسپوزل یونٹ کے عملے کو موقع پر طلب کر لیا ۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران پولیس کو جائے وقوع سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اندازہ لگایا جا سکے دھماکا نصب شدہ تھا ، دستی بم تھا یا کریکر دھماکا تھا۔اورنگی ٹاؤن کے علاقے الطاف نگر کے رہائشی60 سالہ غلام نبی ولد یار محمد کو نامعلوم ملزمان نے گھر کے قریب فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا اور ملزمان فرار ہو گئے۔
Load Next Story