گولڈکپ ہاکی پی آئی اے نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی

زبیرکی ہیٹ ٹرک، واپڈاکو آخری 4 ٹیموں میں رسائی کیلیے آج کسٹمزکیخلاف فتح درکار،نیوی اور پولیس بھی کامیاب

میچ کے دوران آرمی کو گول کرنے کے متعدد مواقع میسر آئے لیکن فارورڈز کامیاب نہ ہو سکے۔۔ فوٹو: فائل

این بی پی گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں دفاعی چیمپئن پی آئی اے نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی، محمد زبیر نے ہیٹ ٹرک بنائی، واپڈاکو آخری 4 ٹیموں میں جگہ بنانے کیلیے بدھ کو کسٹمز کیخلاف فتح درکار ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق ہاکی ایونٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا،10ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں دفاعی چیمپئن پی آئی اے کی ٹیم تاحال اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہی، سیمی فائنل میں رسائی کیلیے واپڈا اور آرمی سمیت دیگر سائیڈز میں سخت مقابلہ ہے۔ گذشتہ روزمزید4 میچزکا فیصلہ ہوا،کسٹمز، نیوی، پولیس اور پی آئی اے کی ٹیمیں حریفوںکو زیر کرنے میں کامیاب رہیں۔ پی آئی اے نے یکطرفہ مقابلے میں آرمی کو 5-0سے زیر کر کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی، محمد زبیر نے ہیٹ ٹرک کی، انھوں نے کھیل کے32،47اور67ویں منٹ میں فیلڈ گول کرکے یہ کارنامہ انجام دیا،عنایت اللہ اور کاشف علی نے ایک، ایک گول کیا۔




میچ کے دوران آرمی کو گول کرنے کے متعدد مواقع میسر آئے لیکن فارورڈز کامیاب نہ ہو سکے۔ قبل ازیں پہلے مقابلے میں کسٹمز نے پی اے ایف کو 2کے مقابلے میں 4گول سے شکست دی،پہلے ہاف تک اسکور 2-1 تھا، فاتح ٹیم کی طرف سے اویس نے حریف ٹیم کی دفاعی لائن میں واضح شگاف ڈالتے ہوئے2 بار گیند کو جال کا راستہ دکھایا، رضوان اور مبشر بھی ایک، ایک گول کرنے میں کامیاب رہے، پی اے ایف کے محمد انیس اور مشتاق نے ایک، ایک گول کیا۔دوسرے میچ میں نیوی نے ہائیرایجوکیشن کمیشن کو یکطرفہ مقابلے میں6-3 سے زیر کیا، وقفے تک اسکور3-1 تھا، خالد علی نے2گول کرکے ٹیم کی فتح کا راستہ ہموار کیا، محسن صابر، محمد صابر، بابر حسین اور محمد آصف علی ایک، ایک گول کرنے میں کامیاب رہے،ایچ ای سی کی طرف سے ذیشان اکرم، حسن عبید اور کامران نے گول کیے۔

تیسرے میچ میں پولیس نے نیشنل بینک کو3کے مقابلے میں 5 گول سے قابو کیا، پہلے ہاف تک اسکور 1-3 تھا، پولیس کی طرف سے عاطف بیگ، ناصر علی، عامر سہیل، شبیر اور طارق حسن جبکہ این بی پی کے واصف، زوہیب اور حفیظ نے ایک، ایک گول کیا۔بدھ کو ایونٹ کے مزید 3 مقابلے ہوں گے، پہلا میچ این بی پی اور پورٹ قاسم کے ساتھ شیڈول ہے،دوسرے میں نیوی کی ٹیم پی اے ایف کیخلاف میدان میں اترے گی۔ تیسرا مقابلہ واپڈا اور کسٹمزکے درمیان ہوگا،کامیابی کی صورت میں واپڈا کی ٹیم بھی سیمی فائنل تک رسائی میں کامیاب ہو جائیگی۔
Load Next Story