شٹ ڈاؤن امریکا نے پاکستان کیلیے جی ایس پی اسٹیٹس موخر کردیا

امریکاکو پاک ایران گیس منصوبے پرتحفظات نہیں،قونصل جنرل،بزنس کمیونٹی سے خطاب

امریکی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ امریکا کو یقین ہے کہ مستقبل میں ممالک کے درمیان تعلقات کا انحصار تجارتی روابط پر ہوگا۔ فوٹو: رائٹرز

کراچی میں تعینات امریکی قونصل جنرل مائیکل ڈوڈ مین نے کہا ہے کہ امریکا میں شٹ ڈاؤن کے باعث پاکستان کیلیے جی ایس پی اسٹیٹس کے معاملے کو فی الحال موخر کردیا گیا ہے۔

تاہم حالات بہتر ہوتے ہی پاکستان اس اہم اسکیم سے استفادہ کرسکے گا۔ گزشتہ روز ایوان صنعت و تجارت کراچی میں تاجروں و صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے امریکی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ امریکا کو یقین ہے کہ مستقبل میں ممالک کے درمیان تعلقات کا انحصار تجارتی روابط پر ہوگا اور یہی وجہ ہے کہ ہم پاکستان میں سرمایہ کاری اور قریبی تجارتی تعلقات کیلیے کوشاں ہیں اور ہماری خواہش ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان مضبوط تجارتی اور اقتصادی تعلقات قائم ہوں۔




ایک سوال کے جواب میں مائیکل ڈوڈ مین کا کہنا تھا کہ امریکا کو پاک ایران گیس منصوبے پر کوئی تحفظات نہیں ہیں اور دونوں ممالک کی نئی حکومتیں اپنے فیصلوں میں مکمل طور پر آزاد ہیں۔ امریکی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ تمام ممالک کے بارے میں امریکا کی پالیسیاں مختلف ہیں جن پر سفارتخانے اثر انداز نہیں ہوسکتے۔ ویزا مسائل سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے مائیکل ڈوڈ مین کا کہنا تھا کہ کراچی میں مکمل طور پر فعال ویزا دفتر کام کررہا ہے جہاں تاجروں و صنعتکاروں کو ترجیحی اور آسان طریقہ کار کے تحت ویزے جاری کیے جارہے ہیں۔ایک اور سوال پر انھوں نے کہاکہ افغانستان سے فوجی انخلا کے باوجود بھی پاکستان اور افغانستان کے درمیان بہتر تعلقات کیلیے امریکا اپنا تعاون جاری رکھے گا۔
Load Next Story