انڈر19 فٹبال مین راؤنڈ میں رسائی کا پاکستانی خواب پورا نہ ہوسکا

دوسرے میچ میں عراق کے ہاتھوں 3 گول سے شکست،کل بنگلہ دیش سے سامنا ہو گا

مین رائونڈ میں رسائی کیلیے گرین شرٹس کو اس میچ میں ہر صورت کامیابی درکار تھی۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

ISLAMABAD:
اے ایف سی انڈر19 فٹبال چیمپئن شپ کا مین رائونڈ کھیلنے کا پاکستانی خواب پورا نہ ہوسکا، دوسرے میچ میں عراق نے یکطرفہ مقابلے میں 3 گول سے شکست دیدی ۔

تفصیلات کے مطابق اربل میں جاری ایونٹ میں جمعرات کو پاکستان کا مقابلہ میزبان سائیڈ عراق سے تھا، مین رائونڈ میں رسائی کیلیے گرین شرٹس کو اس میچ میں ہر صورت کامیابی درکار تھی، مگر مضبوط حریف نے ایک نہ چلنے دی اور یکطرفہ مقابلے میں 3 گول سے شکست دے کر اگلے مرحلے میں رسائی کی امیدوں کو روشن بنا لیا۔ میچ کے آغا زسے ہی عراقی فارورڈز نے پاکستانی گول پوسٹ پر حملوں کا آغاز کردیا، ابتدائی20 منٹ تک ڈیفنڈرز اور گول کیپر نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی حملوں کو ناکام بنایا، مگر26 ویں منٹ میں ثمر ماجد نے ہیڈرر کے ذریعے گول داغتے ہوئے میزبان سائیڈ کا کھاتہ کھول دیا۔




2 منٹ بعد انھوں نے ایک اور موقع کو کارآمد بناتے ہوئے برتری کو دگنا کردیا، پہلے ہاف کا اسی اسکورپر اختتام ہوا۔ دوسرے ہاف میں بھی پاکستانی کھلاڑی آف کلر دکھائی دیے۔60 ویں منٹ میں محمد سلام نے عراق کی جانب سے تیسرا گول کیا، آخری 30 منٹ میں گرین شرٹس کو بھی گول کرنے کے مواقع ملے مگر فارورڈز فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے،اسی اسکور پر میچ کا اختتام ہوگیا۔ یادرہے کہ پاکستانی ٹیم ایونٹ کے پہلے میچ میں کویت کے ہاتھوں 3-1 کی خفت برداشت کرچکی ہے۔ ہفتے کو گرین شرٹس آخری میچ میں نسبتاً کمزور حریف بنگلہ دیش کیخلاف میدان میں اتریں گے۔
Load Next Story