ہمارے امیدوار بھی جھرلو سے ہرائے گئےپرویز الٰہی

کراچی میں سامنے آنیوالے حقائق انتخابی نتائج پر سوالیہ نشان ہیں،پنجاب میں بھی انگوٹھوں کی نادرا سے شناخت کرائی جائے

بلدیاتی انتخابات الیکشن کمیشن کرا رہا ہے توحلقہ بندی پٹواری کیوں کررہے ہیں؟سابق نائب وزیراعظم۔ فوٹو : فائل

ق لیگ کے سنیئر رہنما اور سابق نائب وزیراعظم چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں ہماری پارٹی کے امیدوار جھرلو کے ذریعے ہرائے گئے۔

اگر کراچی کی طرح پنجاب میں بھی ووٹروں کے انگوٹھوں کی نادرا سے شناخت کرائی جائے تودھاندلی ثابت ہوجائے گی۔ ہم یہ معاملہ ہرفورم پر اٹھائیں گے۔ کراچی میں انگوٹھوں کی چیکنگ سے سامنے آنے والے حقائق انتخابی نتائج پرسوالیہ نشان ہیں۔ مسلم لیگ ہائوس میں پارٹی کے ضلعی عہدیداروں کے تنظیمی اجلاس سے خطاب میں انھوں نے کہا کہ اکتوبر میں بھی جون کی طرح کئی گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جو ''مقناطیسی مینڈیٹ'' والی حکومت کا کارنامہ ہے۔ انارکلی بم دھماکے میں ہونے والے نقصان پراظہارافسوس کرتے ہوئے پرویزالٰہی نے کہا کہ خوشحال پاکستان اورخوشحال پنجاب کے خواب کھانے والوں نے اپنی ناقص کارکردگی سے ہرنقشہ دھندلا دیا ہے۔ عوام خوشحالی کا ''سفر'' کرنے کے بجائے مسائل کا شکار ہیں۔




انھوں نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات الیکشن کمیشن کرارہا ہے تو حلقہ بندی بھی اسے ہی کرنا چاہیے، ن لیگ کے ارکان اسمبلی من مرضی کی حلقہ بندی کے لیے یہ کام پٹواری سے کیوں کرا رہے ہیں؟۔ یہ کیسے حکمران ہیں جوکسانوں سے تو سستی گندم خریدتے ہیں اور پھر اسے عوام کو مہنگے داموں فروخت کیا جاتا ہے۔ حکمران مکینیکل تندوروں اور سستی روٹی کے نام پر عوام سے مذاق کر رہے ہیں۔ انہیں چاہیے کہ آٹا سستا کریں۔ انھوں نے پارٹی کی وارڈ سے لیکر ضلعی سطح تک تنظیم مضبوط اور فعال بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں نئے بلدیاتی قوانین پر ہمارے تحفظات ہیں اور ہم نے انھیں چیلنج بھی کیا ہے۔ پرویزالٰہی نے مسلم لیگ ہائوس میں صوبائی اور ضلعی عہدیداروں کو نوٹیفکیشن بھی جاری کیے۔
Load Next Story