کوئنز بیٹن کا بھارت میں سفر شروع تاج محل لے جایا گیا

بنگلہ دیش سے پاکستان بھیجنے کا پروگرام، کامن ویلتھ گیمز آئندہ سال گلاسگو میں ہونگے

کوئنز بیٹن ریلے پہلی بار 1958 کے کارڈف گیمز کے موقع پر منعقد کی گئی تھی۔ فوٹو: رائٹرز

2010ء کے بعد ایک مرتبہ پھر کامن ویلتھ گیمز کے سلسلے میں' کوئنز بیٹن' بھارت پہنچ گیا،2014 کے مقابلے اسکاٹ لینڈ کے شہرگلاسگو میں ہوں گے۔

سابق میزبان ملک ہونے کے ناطے کوئنز بیٹن کو سب سے پہلے بھارت لایا گیا، اس کا سفر بکنگھم پیلس سے شروع ہوا تھا جہاں سے اسے بھارت میں آگرہ کے تاج محل لایا گیا، وہاں کچھ گھنٹے گزارنے کے بعد یہ بیٹن دہلی کے انڈیا گیٹ نیشنل اسٹیڈیم پہنچا،اتوار کے روز اسے قطب مینار بھی لے جایا جائے گا۔ بھارت کے بعد اتوارکو بیٹن بنگلہ دیش جائے گا اور وہاں سے اس کی منزل پاکستان اور سری لنکا ہوگی، یہ بیٹن مختلف ممالک سے ہوتے ہوئے ایک لاکھ 90ہزار کلو میٹر کا سفر طے کرے گا جس میں تقریبا 288 دن لگیں گے۔




یاد رہے کہ کوئنز بیٹن ریلے پہلی بار 1958 کے کارڈف گیمز کے موقع پر منعقد کی گئی تھی، اس وقت بیٹن ریلے صرف انگلینڈ اور میزبان ملک میں ہی ہوتی تھی، ڈیزائنرز کو یہ ہدایات دی گئی تھیں کہ بیٹن ایسا ہو کہ آسانی سے ایک سے دوسرے شخص کو سونپا جا سکے، اس کا وزن 2کلو گرام سے زیادہ نہ ہو اور ہر طرح کے موسم میں اس کا استعمال کیا جا سکے، معلومات کے مطابق اس کا ہینڈل لکڑی سے بنا ہوا اور اس کے اوپر نصب گرینائٹ کے نگینے کو نکالا بھی جا سکتا ہے۔ جس ملک میں یہ بیٹن جائے گا اسے یہ نگینہ بطور تحفہ دیا جائے گا۔اگلے کامن ویلتھ گیمز آئندہ سال 23 جولائی سے شروع ہوں گے، اس دوران 11روز تک کھلاڑی 17 کھیلوں میں حصہ لیں گے، کامن ویلتھ میں 54 ممالک ہیں لیکن گیمز میں 70 حصہ لیں گے۔
Load Next Story