پی آئی اے نے واپڈا کے کیمپ میں اندھیرا کردیا

فائنل میں پنالٹی شوٹس پر8-7 سے زیرکرکے مسلسل دوسری بارگولڈ کپ ہاکی ٹائٹل اپنےنام کیا

مقررہ وقت میں مقابلہ5-5سے برابر رہا،کاشف علی کے5گول۔ فوٹو: فائل

PESHAWAR:
پی آئی اے نے واپڈا کے کیمپ میں اندھیراکر دیا، فائنل میں پنالٹی شوٹس پر 8-7 سے زیر کرکے مسلسل دوسری بارگولڈ کپ ہاکی ٹائٹل اپنے نام کر لیا، مقررہ وقت میں مقابلہ 5-5گول سے برابر رہا تھا۔

فاتح کپتان کاشف علی 5گول کے ساتھ میچ کے ہیرو ثابت ہوئے،آرمی نے نیوی کو ہراکر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں قومی ایونٹ گذشتہ روز اختتام کو پہنچا، ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کو ناکوں چنے چبوا کردفاعی چیمپئن پی آئی اے اور واپڈا کی ٹیمیں فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہیں لیکن ایئرلائنز نے اسٹار کھلاڑیوں پر مشتمل حریف ٹیم کوسنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی، میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹس پر ہوا، پی آئی اے نے19ویں منٹ میں اس وقت برتری حاصل کرلی جب کپتان کاشف علی نے پنالٹی کارنر پرگیند کو جال کی راہ دکھا دی،23ویں منٹ میں اظفر یعقوب نے فیلڈ گول کر کے سبقت 2-0 کر دی،32ویں منٹ میں واپڈا کی جانب سے شہباز پہلا گول کرنے میں کامیاب رہے، پہلے ہاف میں پی آئی اے کو ایک کے مقابلے میں 2 گول کی برتری حاصل تھی۔




38ویں منٹ میں کپتان کاشف علی نے ایک بار پھر پنالٹی کارنر پر گول کر کے اسکور3-1کر دیا،اس مشکل وقت میں پنالٹی کارنر اسپیشلسٹ سہیل عباس نے واپڈا کو مشکلات سے نکالا اور یکے بعد دیگرے 2گول کر کے مقابلہ 3-3 سے برابر کر دیا، عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی نے دونوں گول پنالٹی کارنرز پر کھیل کے 45اور50ویں منٹ میں کیے، واپڈا کی خوشی اس وقت جاتی رہی جب اگلے ہی منٹ میں پی آئی اے کے کاشف علی نے حریف سائیڈ کی دفاعی لائن میں شگاف ڈالتے ہوئے شاندار گول کیا،54ویں منٹ میں واپڈا کے علیم بلال نے فیلڈ گول کر کے مقابلہ 4-4سے برابر کر دیا، پی آئی اے کے کپتان کاشف علی نے 58یں منٹ میں گول کرکے ایک بار پھر ٹیم کو سبقت دلا دی، واپڈا کے عثمان نے 63 ویں منٹ میں مقابلہ پھر برابر کر دیا۔

جب کھیل ختم ہوا تو میچ 5-5 گول سے برابر تھا۔ مقررہ وقت پر فیصلہ نہ ہونے پر دونوں ٹیموں کو5، 5 پنالٹی شوٹس دینے کا فیصلہ کیا گیا جس میں تجربہ کار گول کیپر ناصر احمد نے شاندار کھیل پیش کیا اور 5میں سے 3 شوٹس روک کر اپنی ٹیم کو فتح دلا دی۔ پی آئی اے کے کاشف علی، اظفر یعقوب اور محمد زبیر جبکہ واپڈا کی جانب سے کپتان وقاص شریف اور تصور عباس نے گول کیے۔ اس سے قبل آرمی نے سخت مقابلے کے بعد نیوی کو 4-2 سے زیر کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی،میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹس پر ہوا، پہلے ہاف تک مقابلہ 1-1سے برابر تھا، وقفے کے بعد بھی دونوں ٹیمیں ایک، ایک گول کرنے میں کامیاب ہوئیں۔ آرمی کی طرف سے جبار، سفیر حسین، حسین عرفی اور حبیب جبکہ نیوی کے محسن صابر اور ابرار حسین نے گول کیے،اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل پنجاب اسپورٹس بورڈ میاں عثمان انور نے فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے، اس موقع پر ڈائریکٹر ٹورنامنٹ خالد بشیر، چیف کوچ جونیئر ٹیم منظور الحسن سینئر، انجم سعید، دانش کلیم، ڈاکٹر جمیل سمیت شرکاکی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
Load Next Story