پلاسٹک کا کچرا پھیلنے کی اہم وجہ

دنیا بھر میں سب سے زیادہ پلاسٹک ملٹی نیشنل کارپوریشنز استعمال کرتی ہیں

دنیا بھر میں سب سے زیادہ پلاسٹک ملٹی نیشنل کارپوریشنز استعمال کرتی ہیں۔ فوٹوفائل

پاکستان میں پلاسٹک کے شاپروں پر پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں لیکن اگر پلاسٹک کی مصنوعات اور دنیا بھر میں اس کے استعمال کاجائزہ لیا جائے تو ہم دیکھیں گے کہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ پلاسٹک ملٹی نیشنل کارپوریشنز استعمال کرتی ہیں۔

ان کی زیادہ تر مصنوعات پلاسٹک کی بنی ہوئی چیزوں میں موجود ہوتی ہیں اور پلاسٹک کا کچرا پیدا کرتی ہیں۔ واضح رہے پلاسٹک کے خلاف عالمی تحریک ''بریک فری فرام پلاسٹک'' کی مہم باقاعدہ طور پر ستمبر 2016ء میں شروع ہوئی تھی جس کی کامیابی کے لیے ابھی طویل سفر طے کرنے کی ضرورت ہے۔ جہاں تک پلاسٹک عام شاپرز کا تعلق ہے تو اس کا حصہ مجموعی مصنوعات کے تناسب میں شاید دو یا تین فیصد سے زیادہ نہیں ہو گا جب کہ باقی کا اٹھانوے نناوے پلاسٹک کچرا ملٹی نیشنل کارپوریشنیز اور بین الاقوامی کمپنیوں کی مصنوعات کا پیداکردہ ہے۔


جن میں مشروبات اور پانی تیار کرنے والی کمپنیاں سرفہرست ہیں۔ ماحولیاتی آلودگی کے خلاف کام کرنے والے گروپ کا کہنا ہے پلاسٹک کا ہزاروں لاکھوں ٹن کچرا انھی سے پیدا ہوتا ہے۔ ''بریک اپ فرام پلاسٹک'' کے نام سے تحریک چلانے والے گروپ کا کہنا ہے کہ ایسی کارپوریشنوں اور کمپنیوں کوپابند بنایا جانا چاہیے کہ جتنا پلاسٹک کچرا وہ دنیا میں پھیلاتی ہیں اس کو صاف کرنے کی ذمے داری بھی ان پر عائد کی جانی چاہیے۔

ایک مہینہ قبل دنیا کے 51ممالک میں ''کلین اپ ڈے'' کے عنوان سے ایک مہم شروع کی گئی جس میں 43 ممالک کو پلاسٹک کچرا پھیلانے سے الزام سے کلیئر قرار دیدیا گیا۔ اگلے سال ایک عالمی کمپنی مسلسل دوسرے برس بھی سب سے زیادہ کچرا پھیلانے والی کمپنی کی حیثیت سے سامنے آئی جس کے37 ممالک سے پلاسٹک کے 11,732بے حد بڑے ٹکڑے اکٹھے کیے گئے جو دنیا کے چار براعظموں میں پھیلے ہوئے تھے۔ عالمی میڈیا کے مطابق ایسی کئی کمپنیوں نے یقین دہانی کرائی کہ آیندہ وہ اس ضمن میں زیادہ احتیاط کریں گے۔ ادویات بھی پلاسٹک کے ریپروں میں ہوتی ہیں۔

پلاسٹک کے بے دریغ استعمال کے بارے میں رپورٹ منیلا میں تیار کی گئی ہے۔ واضح رہے چین' انڈونیشیا' فلپائن' ویتنام اور سری لنکا اپنا زیادہ تر پلاسٹک کچرا گہرے سمندروں میں غرق کرتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ ایشیا میں پلاسٹک کی مصنوعات برآمد کرنے والوں کے عالمگیر کار خانے یورپ اور امریکا میں قائم ہیں بالخصوص ان کے صدر دفاتر یورپ اور امریکا میں ہی ہیں۔
Load Next Story