رینجرزکی موبائل اور موٹر سائیکل میں تصادم لڑکی جاں بحق

حادثہ ناظم آباد میں پیش آیا،22سالہ سمیعہ کی یٰسین آباد قرستان میں تدفین

حادثہ ناظم آباد میں پیش آیا،22سالہ سمیعہ کی یٰسین آباد قرستان میں تدفین۔ فوٹو: فائل

ناظم آباد انکوائری آفس کے قریب رینجرزکی موبائل اور موٹر سائیکل کے تصادم میں نارتھ ناظم آباد کی رہائشی نوجوان لڑکی جاں بحق ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق گلبہار تھانے کی حدود میں ناظم آباد انکوائری آفس کے قریب رینجرزکی موبائل اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار لڑکی شدید زخمی ہو گئی جنھیں فوری طور پر سول اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخمی لڑکی دوران علاج دم توڑ گئی ، ایس ایچ او گلبہار اقتدار عالم نے ایکسپریس کو بتایا کہ متوفیہ لڑکی کی شناخت22 سالہ سمیعہ دختر ثاقب کے نام سے ہوئی ہے اور متوفیہ نارتھ ناظم آباد بلاک جے کی رہائشی تھی۔




انھوں نے بتایا کہ متوفیہ لڑکی اپنے قریبی رشتے دار کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جا رہی تھی کہ انکوائری آفس کے قریب رینجرزکی موبائل اور موٹر سائیکل میں تصادم ہو گیا ، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار شخص معمولی زخمی ہوا جبکہ موٹر سائیکل پر بیٹھی لڑ کی کو سر پر زخم آئے، انھوں نے بتایا کہ متوفیہ لڑکی کے والد کسی قسم کی کوئی کارروائی کرانا نہیں چاہتے تھے اور اسی وجہ سے وہ لڑکی کی لاش اسپتال سے بغیر پولیس کارروائی کے اپنے ہمراہ لے گئے ، انھوں نے بتایا کہ متوفیہ لڑکی کے والد کی موٹر سائیکل پولیس نے تحویل میں لے لی ہے اور جب متوفیہ لڑکی کے والد اپنی موٹر سائیکل کے حوالے سے پولیس سے رابطہ کریں گے تو ایک مرتبہ پھر ان سے پوچھ گچھ کی جائے گی ، بعدازاں لڑکی کو یاسین آباد قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
Load Next Story