نارتھ کراچی کے مکین بوند بوند کو ترس گئے ہائیڈرنٹ مافیا مویشی منڈی کو پانی بیچنے لگی

واٹر بورڈ کے افسران کی مبینہ ملی بھگت سے ایوب گوٹھ میں64انچ کی لائن سے کنکشن لیکرغیر قانونی ہائیڈرنٹ قائم کردیا گیا

غیر قانونی ہائیڈرنٹ کے قیام میں ملوث واٹر بورڈ کے افسران کیخلاف ایکشن لیا جائے، شہریوں کاوزیربلدیات سےمطالبہ۔ فوٹو: فائل

واٹر بورڈ کے اعلیٰ افسران کی مبینہ ملی بھگت سے نارتھ کراچی کا پانی بند کر کے ایوب گوٹھ میں قائم غیر قانونی ہائیڈرنٹ سے مویشی منڈی میں سپلائی کیا جا رہا ہے۔

جبکہ علاقہ مکین پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ، مکینوں نے وزیر بلدیات مظفر اویس سے اپیل کی ہے کہ اعلیٰ افسران کی مبینہ نگرانی میں چلنے والے ہائیڈرنٹ کو فوری بند کرا کے تحقیقات کرائی جائے اور ذمے داروں کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے ، واٹر بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ واٹر بورڈ کے 3 اعلیٰ افسران کی مبینہ ملی بھگت سے ایوب گوٹھ پولیس چوکی کے عقب میں64 انچ کی لائن سے8 انچ کا کنکشن حاصل کر کے غیر قانونی ہائیڈرنٹ قائم کیا گیا ہے جہاں سے 24 گھنٹے روزانہ 1200 سے زائد واٹر ٹینکروں کی مدد سے کروڑوں روپے کا پانی مویشی منڈی میں سپلائی کیا جا رہا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے اعلیٰ افسران کی ہدایت پر مذکورہ ہائیڈرنٹ سے کچھ فاصلے پر قائم صبا سینما ہائیڈرنٹ کو شام 6 بجے بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

جبکہ غیر قانونی ہائیڈرنٹ سے بڑے پیمانے پر پانی چوری کر کے فروخت کیا جا رہا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے جس لائن سے کنکشن لیا گیا ہے اس سے نارتھ کراچی سمیت ملحقہ علاقوں کو پانی کی سپلائی کیا جاتا تھا اب شہریوں کو پانی کے حق سے محروم کر کے غیر قانونی ہائیڈرنٹ سے پانی فروخت کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے نارتھ کراچی میں پانی کی شدید قلت واقع ہوگئی اور شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے اورمہنگے داموں ٹینکر خرید کر اپنی ضروریات پوری کر رہے ہیں ، سپر ہائی وے پر مویشی منڈی کے قیام سے شہر کے مختلف علاقوں خصوصاً نارتھ کراچی میں پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے ۔




جس کا خمیازہ شہریوں کو اضافی مالی بوجھ ادا کر کے برداشت کرنا پڑ رہا ہے ، کراچی کے مکینوں نے وزیر بلدیات اویس مظفر سے اپیل کی ہے کہ ان کی جانب سے غیر قانونی ہائیڈرنٹ کے خلاف جاری کارروائی میں اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ ایوب گوٹھ پولیس چوکی کے عقب میں قائم غیر قانونی ہائیڈرنٹ کے قیام اور اس سے پانی کی چوری میں ملوث واٹر بورڈ کے اعلیٰ حکام کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور غیر قانونی طریقے سے فروخت کیے جانیوالے پانی سے حاصل آمدنی کا بھی حساب لیا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے قبل مویشی منڈی میں پانی کی سپلائی کے لیے سپر ہائی وے پر بھی واٹر بورڈ کی مرکزی لائن سے غیر قانونی کنکشن حاصل کیا گیا تھا تاہم ذرائع ابلاغ میں خبر نشر ہونے کے بعد واٹر بورڈ کے حکام نے اس کنکشن کو کاٹ دیا تھا اور اس بات کا عزم ظاہر کیا تھا کہ غیر قانونی ہائیڈرنٹ کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا تاہم وہ اپنا عزم برقرار رکھنے میں ناکام رہے اور موقع ملتے ہی ایوب گوٹھ سے گزرنے والی پانی کی لائن سے غیر قانونی کنکشن حاصل کرلیاگیا۔
Load Next Story