گورنر سیکریٹریٹ نے این ای ڈی یونیورسٹی میں من مانے فیصلوں کا نوٹس لے لیا

گورنرسندھ نے غیرفعال شعبہ انڈسٹریل لائیژن میں بھاری تنخواہ پرسابق افسرکی تقرری کی سمری مستردکردی

یونیورسٹی کے معطل ڈائریکٹرفنانس شرجیل احمدکو عہدے سے ہٹانے پرگورنرسیکریٹریٹ نے برہمی کا اظہارکیا۔ فوٹو: فائل

سندھ کی سرکاری جامعات کی کنٹرولنگ اتھارٹی گورنرسیکریٹریٹ نے این ای ڈی یونیورسٹی کی انتظامیہ کی جانب سے اہم فیصلے گورنرسندھ کی منظوری کے بغیرکرنے کے معاملے کانوٹس لے لیا ہے۔

یونیورسٹی کے غیرفعال شعبہ انڈسٹریل لائیژن میں بھاری تنخواہ پرسابق افسرکی ایک بارپھرتقرری کانوٹس لیتے ہوئے تقرری کے لیے بھجوائی گئی سمری مستردکردی، گورنرسندھ کی اجازت کے بغیر ڈائریکٹرفنانس کی معطلی کے معاملے پر تحقیقات رکوادی گئی ہیں اورمعاملے کوگورنرسیکریٹریٹ بھجواکراس پراز خود تحقیقات کرنے کے فیصلے سے یونیورسٹی کے وائس چانسلرکوآگاہ کردیاہے اس سلسلے میں یونیورسٹی کے وائس چانسلرکوایک روزقبل گورنر سیکریٹریٹ بھی بلایاگیا ۔




''ایکسپریس''کومعلوم ہواہے کہ گورنر ڈاکٹرعشرت العباد نے شعبہ انڈسٹریل لائیژن کے ڈائریکٹر کے عہدے پر عبدالمجید شیخ کی تقرری کی سمری مسترد کردی ہے جس کے بعد یونیورسٹی کی جانب سے متعلقہ افسرعبدالمجید شیخ کی ازخود کی گئی تقرری کالعدم ہوگئی ہے، ادھر گورنرسیکریٹریٹ نے یونیورسٹی کے معطل ڈائریکٹرفنانس شرجیل احمد کومنظوری کے بغیرعہدے سے ہٹانے اورمعطل کرنے پرسخت برہمی کا اظہار کیاہے اوراس معاملے کی تحقیقات یونیورسٹی سے لے کرخود کرنے اوراپنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے کافیصلہ کیاہے۔

گورنر سیکریٹریٹ کے ذرائع کے مطابق مذکورہ عہدے پرتقرری چونکہ گورنرسندھ کی جانب سے کی جاتی ہے لہٰذامتعلقہ افسرکی معطلی یاتبادلے کی یونیورسٹی مجاز نہیں ہے جبکہ اس غیرمعمولی نوعیت کے اقدام سے قبل گورنر سیکریٹریٹ کونہ اطلاع دی گئی اجازت لی گئی اورنہ ہی سینڈیکیٹ کے اجلاس کی روداد سے گورنرسیکریٹریٹ کوآگاہ کیاگورنر سیکریٹریٹ نے معاملے سے یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرافضل الحق کومطلع کردیا ہے ۔
Load Next Story