قلت آب اورسیوریج اوورفلو کی شکایت کا خاتمہ کیا جائے ساجد جوکھیو

وائس چیئرمین واٹربورڈکافراہمی ونکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلیے مختلف علاقوں کا دورہ

تمام اضلاع کی فراہمی ونکاسی آب کی لائنوں کی مانیٹرنگ کی جائے،وائس چیئرمین واٹربورڈ۔فوٹو:فائل

کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے وائس چیئرمین محمد ساجد جوکھیو نے عیدا لاضحی کے موقع پر فراہمی ونکاسی آب کے خصوصی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ۔

ایم ڈی واٹر بورڈ قطب الدین شیخ بھی ان کے ہمراہ تھے ، وائس چیئرمین نے ہرزون میں واقع مراکزشکایات بھی دیکھے،انھوں نے دورے کے موقع پر مختلف علاقوں میں شہریوں سے بھی ملاقات کی ، ان سے فراہمی ونکاسی آب کی صورتحال مزید بہتر بنانے کے انتظامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا،اس موقع پر وائس چیئرمین نے تمام چیف انجینئرز ،سپرنٹنڈنگ انجینئرز کو ہدایت کی کہ وہ منتخب نمائندوں اور شہریوں سے مسلسل رابطوں میں رہیں اور کسی بھی ممکنہ قلت آب کی شکایات یا سیوریج اوورفلو کی شکایات کا فوری طور پر خاتمہ کیا جائے ۔




تمام اضلاع کی فراہمی ونکاسی آب کی لائنوں کی مانیٹرنگ کی جائے ،انھوں نے وہاں پر موجود عملے کو ہمہ وقت چوکس رہنے کی ہدایت کی ، دریں اثنا چیف انجینئرز نے بتایا کہ پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی کے بریک ڈائون کی وجہ سے بھی بعض علاقوں میں پانی کی عارضی قلت پیدا ہوجاتی ہے لیکن اس پر قابو پالیا جاتا ہے،اب ایم ڈی واٹر بورڈ کی ہدایت پر بجلی جانے کی صورت میں ڈیزل سے پمپس چلائے جائیں گے ، تمام پمپنگ اسٹیشنز پر مطلو بہ مقدار میں ڈیزل مو جود ہے ۔
Load Next Story