سہراب گوٹھ سے ملنے والے 3دستی بم ناکارہ بنادیے گئے

احسن آباد میں بیگ سے مشکوک چیز ملنے پرمکینوں نے پولیس کو اطلاع کردی

دستی بم ناکارہ حالت میں ملے،بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ ہمراہ لے گیا تھا، ڈی ایس پی۔ فوٹو: فائل

سہراب گوٹھ کے علاقے احسن اباد سے 3 دستی بم ملنے سے خوف و ہراس پھیل گیا۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر دستی بم کو ناکارہ بنا دیے جبکہ ڈی ایس پی سہراب گوٹھ کا کہنا ہے کہ دستی بم ناکارہ حالت میں پڑے ہوئے ملے تھے،تفصیلات کے مطابق سہراب گوٹھ تھانے کے علاقے احسن آباد میں واقع جامعہ مدرسہ رشیدیہ کے قریب جھاڑیوں سے پلاسٹک کے بیگ میں مشکوک چیز ملنے پر علاقہ مکینوں نے پولیس کو اطلاع کردی ، جس پر علاقہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور علاقہ کو گھیرے میں لے لیا جبکہ پولیس نے فوری طور پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر لیا ۔




سب انسپکٹر مسعود اعوان کی سر براہی میں بم ڈسپوزل عملے نے پلاسٹ بیگ کو چیک کیا تو اس میں سے ایک دستی بم ملا جبکہ علاقہ کی تلاشی لینے پر کچھ فاصلے پر مزید2 اور گرنیڈ بم برآمد ہوئے جنھیں بم ڈسپوزل اسکواڈ نے اپنی تحویل میں لے کر ناکارہ بنا دیا، بم ڈسپوزل اسکواڈ کے افسران کا کہنا ہے کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ شہر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کیے جانے والے آپریشن کے خوف سے نامعلوم دہشت گردوں نے گرنیڈ بم جھاڑیوں میں پھینک دیے۔

انھوں نے بتایا کہ ناکارہ بنائے جانے والے ایک گرنیڈ بم کا وزن تقریباً آدھا کلو کے قریب ہے جس پر ڈوری لپٹی ہوئی تھی جس کے باعث ناکارہ بنائے جانے والے بم کو ڈوری گرنیڈ یا ڈوری راکٹ بم بھی کہا جاتا ہے، دوسری جانب ڈی ایس پی سہراب گوٹھ خالد خان نے بتایا کہ گرنیڈ بم ملنے کی اطلاع علاقہ مکینوں کی جانب سے دی گئی جو جھاڑیاں اور گھاس صاف کر رہے تھے انھوں نے بتایا کہ برآمد ہونے والے بم ناکارہ حالت میں ملے تھے جنہیں بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ اپنے ہمراہ لے گیا ۔

 
Load Next Story