وزیربلدیات نےعید الاضحی پر بلدیاتی اداروںمیں ایمرجنسی نافذ کردی

بلدیاتی اداروں کے افسران اور اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کرکے عیدالاضحی پر ڈیوٹی اور حاضری یقینی بنایاجائے۔ وزیر بلدیات

بلدیاتی ادارے آلائشوں کو دفن کرنیکی حکمت عملی مرتب کریں،عیدگاہوں کے اطراف صفائی کے انتظامات مکمل کیے جائیں،اویس مظفر ۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
سندھ کے وزیر بلدیات سید اویس مظفر نے عید الاضحی کے تینوں ایام میں صوبے بھر کے بلدیاتی اداروں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔

تمام بلدیاتی اداروں کے افسران اور اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے انھیں سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ عیدالاضحی پر اپنی ڈیوٹیوں اور حاضریوں کو یقینی بنائیں، انھوں نے تمام بلدیاتی اداروں کو ہدایت کی کہ قربانی کے موقع پر جانوروں کی آلائشوں کو اٹھانے اور انھیں دفن کرنے کے لیے جدید حکمت عملی مرتب کی جائے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کو اپنی رہائش گاہ پر اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا، اجلاس میں سیکریٹری بلدیات اور بلدیاتی اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

سیکریٹری بلدیات نے صوبائی وزیر کو عید الاضحی کے موقع پر صفائی ستھرائی، جانوروں کی آلائشیں اٹھانے اور بلدیاتی اداروں کی جانب سے مرتب پلان کے حوالے سے بریفنگ دی۔




اجلاس سے خطاب میں وزیر بلدیات نے کہا کہ عیدالاضحی کی نماز سے قبل صوبے بھر کی مساجد ،امام بارگاہوں اور عید گاہوں کے اطراف میں صفائی ستھرائی کے انتظامات مکمل رکھے جائیں، قربانی کے بعد آلائشیں اٹھانے کیلیے ہر علاقے میں کلیکشن پوائنٹس قائم کیے جائیں اور تمام مشینری کو فعال رکھا جائے۔

انھوں نے تمام تمام بلدیاتی اداروں کے ایڈمنسٹریٹرز کو ہدایت کی کہ جانوروں کی آلائشیں دفن کرنے کیلیے جدید طریقہ کار اختیار کیا جائے، انھوں نے کہا کہ تمام بلدیاتی ادارے آلائشیں اٹھانے کے بعد وبائی امراض سے بچاؤ اور خوشبو کے اسپرے کریں، انھوں نے مزید ہدایت کی کہ بلدیاتی ادارے اپنی ہیلپ لائنز سے عوام کو آگاہ رکھیں، انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں مخصوص مقامات پر پھینکیں اور بلدیاتی اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔
Load Next Story