زائد کرایہ وصول کرنے پر284ٹرانسپورٹرز کے روٹ پرمٹ منسوخ

ہر صورت میں حکومت کی رٹ قائم کی جائے گی،مقررکردہ کرایہ کی وصولی کو یقینی بنایاجائے گا،سیکریٹری ٹرانسپورٹ

کارروائی کے باوجود انٹرسٹی بس ٹرانسپورٹرز عید گزارنے آبائی علاقے جانیوالے ہزاروں افراد سے زائد کرایے وصول کرتے رہے فوٹو: فائل

صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے زائد کرایہ وصولی کرنے کے جرم میں انٹرسٹی بس ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔

منگل کو بھی کئی ٹرانسپورٹرز پر جرمانے اوران کی بسوں کے روٹ پرمٹ منسوخ کیے گئے،2 دن کی کارروائی میں مجموعی طور پر 284 ٹرانسپورٹرز کے خلاف چالان جاری ہوئے، تفصیلات کے مطابق عیدالاضحی کے موقع پرکراچی سے ہزاروں افراد اپنے پیاروں کے ساتھ عید گزارنے آبائی علاقے جارہے ہیں ، انٹر سٹی مالکان نے ہر سال کی طرح اس بار بھی کرایہ جات میں ہوشربا اضافہ کر رکھا ہے، سیکریٹری ٹرانسپورٹ طحہ فاروقی کے مطابق انٹرسٹی بس آپریٹرز کراچی اور اندرون سندھ کے مختلف علاقوں سے ملک کے دوسروں شہروں میں جانے والے شہریوں سے طے شدہ کرائے کے بجائے زائد کرایہ وصول کررہے تھے۔




جس پرکراچی میں پرونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور اندرون سندھ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے پیر سے کریک ڈاؤن شروع کیا ،منگل کو چھٹی کے دن بھی متعلقہ اداروں کے اہلکار زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی میں مصروف تھے، دو دن میں 284بس مالکان کے خلاف جرمانے کے چالان جاری کیے اور ان کی بسوں کے روٹ پرمٹ بھی منسوخ کیے گئے ہیں۔

سیکریٹری ٹرانسپورٹ سندھ کے مطابق مجموعی طورپر 188700روپے کے چالان کیے گئے ہیں جن میں کراچی ریجن میں37 ، حیدر آباد 49، سکھر 50، لاڑکانہ 14اور میرپور خاص میں 134گاڑیوں کا چالان کیا گیا ہے، انھوں نے کہا کہ تمام مسافروںکو جن سے زائد کرایہ وصول کیا گیا تھا ان کو زائد وصول کردہ کرایہ کی واپسی کے علاوہ فی گاڑی 2000 سے 5000 روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ،انھوں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ہر صورت میں حکومت کی رٹ قائم کی جائے گی اور مقررکردہ کرایہ کی وصولی پر عمل درآمدکو یقینی بناتے ہوئے عید کی چھٹیوں کے بعد ہفتہ و اتوار کو بھی ٹرانسپورٹرز پرکڑی نگرانی رکھی جائے گی تاکہ آبائی علاقوں سے عیدگذار کرکراچی آنے والے لوگوں سے زائد کرایے وصول نہ کیے جائیں۔
Load Next Story