پروٹیز کا غلبہ ’’نامنظور‘‘ خرم نے طبلِ جنگ بجا دیا شان کی ’’شان‘‘ سے ٹیسٹ میں آمد

خرم منظور131پر ناقابل شکست، سلپ میں کیچ سے بچنے والے کپتان مصباح الحق 44 پر ناٹ آئوٹ۔

پاکستان نے3وکٹ پر263رنز بنا کر 14رنز کی برتری حاصل کرلی۔ فوٹو: اے ایف پی

خرم منظور نے ابوظبی ٹیسٹ میں پروٹیزکے غلبے کو''نامنظور''کرتے ہوئے ورلڈ نمبر ون ٹیم کیخلاف طبل جنگ بجا دیا۔

اوپنر نے کیریئر کی اولین سنچری سے پاکستان کی پوزیشن مستحکم بنا دی، شان مسعود کی بھی ٹیسٹ کرکٹ میں ''شان'' سے آمد ہوئی، لیفٹ ہینڈر نے ڈیبیو پر75کی اننگز کھیل کر تابناک مستقبل کی نوید سنا دی، دونوں نے135رنز کا بہترین آغاز فراہم کیا، طویل عرصے بعد ایسا ہوا کہ اسکور بورڈ پر 100رنز درج اور کوئی وکٹ نہیں گری تھی، خرم131پر ناقابل شکست رہے، سلپ میں کیچ سے بچنے والے کپتان مصباح الحق44 پر ناٹ آئوٹ رہے، دونوں کے درمیان چوتھی وکٹ کیلیے85رنز کی شراکت ہو چکی ہے، پاکستان نے3وکٹ پر 263رنز بنا کر 14رنز کی برتری حاصل کرلی، قبل ازیں جنوبی افریقی ٹیم نے آخری2 وکٹیں 4 رنز کے دوران گنوا دیں،ہاشم آملا گذشتہ روز کے اسکور118 میں کوئی اضافہ نہ کر سکے۔

تفصیلات کے مطابق شیخ زید اسٹیڈیم میں دوسرے دن ہاشم آملا اور ڈیل اسٹین بیٹنگ کیلیے میدان میں اترے،آملا گذشتہ روز کے اپنے اسکور میں کوئی اضافہ نہ کر سکے، دوسری ہی گیند پر انھیں عرفان نے میدان واپسی پر مجبور کر دیا، سیکنڈ سلپ میں یونس خان نے کیچ تھامنے میں کوئی غلطی نہ کی، پروٹیز اسٹار نے 252 گیندوں پر13 چوکوں کی مدد سے118رنز بنائے، اسٹین (15)کا شکار سعید اجمل نے کیا، عدنان اکمل نے چابکدستی سے بیلز اڑا کر انھیں اسٹمپڈ کیا، مورن مورکل 2 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے،پروٹیز نے 15منٹ کے کھیل میں مزید4رنز بنا کر آخری دونوں وکٹیں گنوا دیں، ٹیم93.1 اوورز میں249رنز پر آئوٹ ہوئی، محمد عرفان نے44 جبکہ ذوالفقار بابر نے89رنز کے عوض3،3وکٹیں حاصل کیں، سعید اجمل نے 2 وکٹوں کیلیے59رنز دیے۔ پاکستانی اننگز کا آغاز خرم منظور اور شان مسعود نے کیا، لیفٹ ہینڈرکو کیریئر کی اولین گیند پر چوکا لگانے کا اعزاز حاصل ہوا، یہ اور بات تھی کہ رنز ان سائیڈ ایج پر ملے، انفرادی اسکور جب 9ہوا تو شان آئوٹ ہونے سے بال بال بچے۔




اسٹین کی گیند بیٹ کو چھوتی ہوئی سیکنڈ سلپ کی جانب گئی جہاں موجود کیلس سستی سے اس کی جانب لپکے یوں کیچ ممکن نہ ہو سکا، اوپنرز نے12.5اوورز میں ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرا دی، خرم ابتدا میں تھوڑے پریشان دکھائی دیے مگر وکٹ پر کچھ وقت گذارنے کے بعد ہاتھ کھولنا شروع کیے، انھوں نے ڈومنی کی گیند بائونڈری کے پار پہنچانے کے بعد الویرو پیٹرسن کو بھی 2 چوکے لگائے، دونوں اطمینان سے کھانا تناول کرنے گئے، اس وقت اسکور بورڈ پر 77کا مجموعہ درج تھا، اگلے سیشن کے آغاز میں شان نے پیٹرسن کی گیند پر سنگل سے اولین اننگز میں ففٹی کا اعزاز پا لیا،ڈائریکٹ تھرو کے سبب تھرڈ امپائر سے چیک کرنا پڑا کہ وہ بروقت کریز پر پہنچے تھے یا نہیں،33 ویں اوور میں سنچری کی تکمیل ہو گئی، طویل عرصے بعد ایسا ہوا کہ اس وقت تک کوئی وکٹ نہیں گری تھی،خرم نے پیٹرسن کی گیند پر سنگل سے مسلسل تیسری اننگز میں ففٹی بنائی، شان کا اسکور جب 68تھا تو انھوں نے ڈومنی کی گیند پر کور میں شاٹ کھیلا ڈومنی ڈائیو لگانے کے باوجود کیچ نہ تھام سکے۔



البتہ انھوں نے اس کا ازالہ لیفٹ ہینڈر کو ایل بی ڈبلیو کر کے کیا، شان نے ریویو کا فیصلہ قدرے تاخیر سے کیا جس کی وجہ سے درخواست رد ہو گئی، مگر وہ واضح آئوٹ لگ رہے تھے اور ریویو کی کامیابی کا امکان نہیں تھا، انھوں نے ڈیبیو پر75رنز کی اننگز سے تابناک مستقبل کی نوید سنا دی، یہ اسکور140 گیندوں پر بنا اور اس میں8چوکے شامل رہے، چائے کے وقفے پر پاکستان کا اسکور1وکٹ پر 155تھا، آخری سیشن کے آغاز میں ہی اظہر علی (11) نے وکٹ گنوا دی،قدموں کا استعمال کیے بغیر فلینڈر کی گیند کو کھیلتے ہوئے وہ وکٹوں کے عقب میں جکڑے گئے، ڈی ویلیئرز نے ایک ہاتھ سے یہ لو کیچ تھاما، نئے بیٹسمین یونس خان (1) بھی بڑی اننگز نہ کھیل پائے، مورکل کے ایک خطرناک بائونسر سے بچنے کی کوشش میں گیند ان کے گلوز سے لگ کر گلی کی جانب گئی، پیٹرسن نے تیزی سے آگے بڑھ کر اچھا کیچ لیا، خرم منظور پیٹرسن کو مسلسل 2چوکے لگا کر 99پر پہنچ گئے۔

دوسرے اینڈ پر موجود مصباح کیخلاف مورکل نے ایل بی ڈبلیو کی زوردار اپیل مسترد ہونے پر ٹیم کا ریویو بھی گنوا دیا، خرم نے 68ویں اوور میں 2رنز بنا کر کیریئر کی اولین سنچری مکمل کی، انھوں نے سجدہ شکر ادا کرنے کے بعد بیٹ اٹھا کر اسٹیڈیم میں موجود 7ہزار شائقین کی داد کا جواب دیا، اگلی گیند پر ٹیم کے 200 رنز مکمل ہو گئے،مصباح کا اسکور جب 38ہوا تو وہ سلپ میں کیچ دے بیٹھے، کامیاب بولر فلینڈر اور فیلڈرز خوشیاں منانے لگے مگر پاکستانی کپتان کا اطمینان قابل دید رہا، انھیں یقین تھا کہ گیند زمین سے چھو کر اسمتھ کے ہاتھوں میں گئی تھی، تھرڈ امپائر نے بھی انہی کو شک کا فائدہ دیا، جس وقت کھیل ختم ہوا خرم منظور131پر ناقابل شکست تھے، انھوں نے 244میں سے 14گیندوں کو بائونڈری کی سیر کرائی، مصباح نے 44رنز ناٹ آئوٹ بنانے کیلیے 77بالز کھیلیں اور 4 چوکے لگائے، پروٹیز نے 7بولرز آزمائے مگر کوئی بھی غیر معمولی پرفارم نہ کر سکا، پاکستان کو14رنز کی برتری حاصل ہوگئی،7 وکٹ کی موجودگی ٹیم کی مضبوط پوزیشن کا اعلان کر رہی ہے۔
Load Next Story