ساتویں ٹیسٹ میں پانچواں اوپننگ پیئر بالآخر کامیاب

جنوری 2012کے بعد پہلی بارپاکستانی اوپنرز کے درمیان سنچری کی شراکت ہوئی۔

یونس خان نے ہاشم آملہ کا کیچ پکڑ کر پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ کیچز پکڑنے کا ریکارڈ بنا دیا۔ فوٹو: فائل

اوپننگ کے حوالے سے پاکستان کی پریشانیاں کم ہونے کا امکان نظر آنے لگا، ابوظبی ٹیسٹ میں خرم منظوراور شان مسعود نے ٹیم کو135رنز کا آغاز فراہم کیا۔

یہ 22ماہ بعد ٹیم کی اولین سنچری اوپننگ شراکت ثابت ہوئی، اس سے قبل جنوری 2012 میں انگلینڈکیخلاف دبئی ٹیسٹ میں توفیق عمر اور محمد حفیظ نے114رنز جوڑے تھے،اس کے بعد 24اننگز میں ایسا دوبارہ نہ ہو سکا، گرین کیپس نے ساتویں ٹیسٹ میں پانچواں اوپننگ پیئر آزمایا جس نے بہتر پرفارم کر کے کپتان کو کچھ حوصلہ فراہم کیا،گذشتہ برس سری لنکا کے خلاف تین میچز کی سیریز میں حفیظ اور توفیق نے اننگز کا آغاز کیا۔




جنوبی افریقہ سے سال کے آغاز پر ابتدائی 2 میچز میں حفیظ اور ناصر جمشید جبکہ تیسرے ٹیسٹ میں حفیظ کے ساتھ عمران فرحت نے اوپننگ کی تھی۔ زمبابوے سے 2میچز میں خرم منظور اور حفیظ بطور اوپنر کھیلے، ناقص فارم پر حفیظ کے ڈراپ ہونے سے شان مسعود کو موقع ملا۔2009کے بعد پہلی بار ایسا ہوا کہ دونوں اوپنرز کا تعلق کراچی سے ہے، اس سے قبل خرم منظور اور فواد عالم کو یہ اعزاز حاصل ہوا تھا۔ دریں اثنا یونس خان نے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 93ٹیسٹ کیچز کا ریکارڈ قائم کر دیا، ان سے قبل جاوید میانداد( 92کیچز) اس اعزاز کے مالک تھے جنھوں نے124میچز میں حصہ لیا، یونس نے صرف85ٹیسٹ میں یہ سنگ میل عبور کر لیا۔
Load Next Story