پیس کپ فٹبال پاکستان نے ٹائٹل جیتنے کا موقع گنوادیا

میزبان فلپائن 3-1 سے کامیابی پاتے ہوئے اعزاز کے دفاع میں سرخرو ہو گیا۔

چائنیز تائپے کا دوسرا نمبر،گول اوسط نے گرین شرٹس کو آخری پوزیشن پر دھکیلا۔ فوٹو: فائل

پاکستان نے پیس کپ فٹبال ٹائٹل جیتنے کا سنہری موقع گنوا دیا، فلپائن کی ٹیم آخری میچ میں 3-1 کی کامیابی سے ٹائٹل کا دفاع کرنے میں کامیاب رہی۔

ایونٹ میں شریک پاکستان، فلپائن اور چائنیز تائپے کے پوائنٹس کی تعداد برابر تھی مگر کم گول اوسط نے گرین شرٹس کو آخری پوزیشن پر دھکیل دیا۔ تفصیلات کے مطابق فلپائن کے شہر باسلوڈ سٹی میں منعقدہ ایونٹ میں ہر ٹیم ایک بار دوسرے کے مقابل آئی،فاتح ٹیم کا فیصلہ پوائنٹس کی بنیاد پر ہوا، تمام ٹیموں نے مشترکہ طور پر 3,3 پوائنٹس حاصل کیے مگر بہتر گول ایوریج نے فلپائن کو ٹائٹل کا حقدار بنا دیا۔ گرین شرٹس آخری میچ میں2گول کے مارجن سے ہارکی وجہ سے آخری پوزیشن پر چلے گئے جبکہ چائینز تائپے کے حصے میں دوسرا نمبر آیا۔ منگل کو پیس کپ کا آخری میچ پاکستان اور میزبان فلپائن کے مابین کھیلا گیا، مہمان کھلاڑیوں نے آغاز میں جارحانہ انداز اپنایااور حریف سائیڈ پر دبائو بڑھا دیا،15 ویں منٹ میں تجربہ کار اسٹرائیکر کلیم اللہ نے گیند کو جال میں پہنچا کر ٹیم کو برتری دلا دی۔




بعدازاں میزبان فارورڈز نے مقابلہ برابر کرنے کی بہت کوشش کی، اسی دوران 33 ویں منٹ میں پیٹرک ریچلٹ نے گول کرتے ہوئے مقابلہ برابر کردیا۔ پہلے ہاف کا اسی اسکور پر اختتام ہوا۔ وقفے کے بعد بھی سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ کھیل کے آخری لمحات میں میزبان فارورڈز نے پاکستانی گول پوسٹ پر کئی حملے کیے،78 ویں منٹ میں کرس گریٹوک نے گول کرتے ہوئے ٹیم کو 2-1 کی برتری دلا دی،88 ویں منٹ میں اسٹیفن سیچروکس نے تیسرا گول داغ دیا۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے ملنے والے اضافی 4 منٹ میں خسارہ کم کرنے کی کوشش کی مگر کامیابی نہیں مل سکی اوراسی اسکور پر میچ کو ختم کرتے ہوئے میزبان ٹیم دوسرے پیس کپ کی چیمپئن بن گئی۔
Load Next Story