آسٹریلوی ٹیری والش بھارتی ہاکی ٹیم کے کوچ مقرر

ہم وطن نوبزکی جگہ سنبھالیں گے،2016اولمپکس تک ذمہ داری ملنے کی اطلاعات

والش مشہور ڈچ کوچ رولینٹ اولٹمنز کے ساتھ کام کریں گے جنھیں جنوری میں ہاکی انڈیا کا ہائی پرفارمنس ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔ فوٹو؛ فائل

آسٹریلوی ٹیری والش ہم وطن مائیکل نوبز کی جگہ بھارتی مینز ہاکی ٹیم کے کوچ مقرر ہوگئے،نوبز کو جون میں عہدے سے الگ کردیا گیا تھا۔

والش تین اولمپکس میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ ایچ آئی سیکریٹری جنرل نریندر بٹرا کا کہنا ہے کہ والش کے تقررسے ہماری ہاکی ٹیم کیلیے ایک موزوں پروگرام شروع ہوگیا، نئے سیزن کی ابتدا دہلی میں ورلڈ لیگ راؤنڈ 4 کے آغاز اور اختتام چیمپئنز ٹرافی سے ہوگا،اس دوران ٹیم تین اہم ایونٹس ایف آئی ایچ مینز ورلڈ کپ، کامن ویلتھ گیمز اور ایشین گیمز میں شرکت کرے گی۔ بٹرا نے کہاکہ والش ہماری ٹیم کو موزوں رہنمائی اور ترغیب فراہم کریں گے، وہ ٹیم کی بہتری کے تصور کے ساتھ اسے ایک مربوط ماہرانہ یونٹ بنائیں گے۔ اگرچہ ہاکی انڈیا نے تفصیلات نہیں بتائیں لیکن رپورٹس کے مطابق توقع ہے کہ والش ریو ڈی جنیرو میں 2016 اولمپکس تک عہدے پر برقرار رہیں گے۔




والش مشہور ڈچ کوچ رولینٹ اولٹمنز کے ساتھ کام کریں گے جنھیں جنوری میں ہاکی انڈیا کا ہائی پرفارمنس ڈائریکٹر مقرر کیا گیا۔ اس سے قبل چار غیر ملکی کوچز بشمول اسپینش جوز براسا، آسٹریلین رک چارلس ورتھ، جرمن گرہارڈ ریش اور نوبز گذشتہ دہائی سے بھارتی کوچز کی حیثیت سے کام کرتے رہے جنھیں معاہدے کے اختتام سے قبل ہی فارغ کردیا گیا تھا۔ اپنا کردار نبھانے کو تیار 59 سالہ والش کہتے ہیں کہ بھارتی ٹیم کی کوچنگ دنیائے ہاکی میں ایک چیلنج رکھتی ہے، میں پلیئرز ، کوچنگ اسٹاف ، ہاکی انڈیا اور اسپورٹس اتھارٹی کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہوں تاکہ ٹیم کی دنیائے ہاکی میں واپسی کیلیے ہر کوشش کرسکوں۔

2005 سے 2012 تک امریکی فیلڈ ہاکی کیساتھ ٹیکنیکل ڈائریکٹر کی حیثیت سے کام کرنے والے والش نے 1990 میں کوچنگ کیریئر کا آغاز کیا، وہ 1994 تک ملائیشین نیشنل ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ رہے جبکہ 1997 سے 2000 تک آسٹریلوی نیشنل ٹیم کے ہیڈ کوچ کے فرائض نبھائے،ان کی کوچنگ میں ٹیم نے 1998 میں کامن ویلتھ گیمز، 1999 میں چیمپئنز ٹرافی اور 2000 میں سڈنی اولمپک گیمز میں برانز میڈل حاصل کیا۔ 2004 میں والش نے نیدرلینڈز ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے بھی کام کیا جس نے اسی برس ایتھنز اولمپکس میں سلور میڈل جیتا تھا۔ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے ماسٹر کوچ والش نیورلڈ کپ مہمات اور تین اولمپک گیمز سمیت 175 مقابلوں میں شرکت کی، وہ1976 کے مانٹریال اولمپکس میں سلور میڈل جیتنے والی ٹیم کے بھی رکن تھے۔
Load Next Story