کراچی فائرنگ سے مذہبی تنظیم کے عہدیدار سمیت 3 ہلاک چھاپوں میں 168 گرفتار

گلبرگ بلاک 5میں عبدالحمید ، اورنگی ٹاؤن میں نوجوان نشانہ بنا،ماڑی پور روڈ سے تشدد زدہ لاش ملی

گلبرگ بلاک 5میں واقع دودھ کی دکان پر موٹر سائیکل سوار2 مسلح ملزمان نے فائرنگ کردی،ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ فوٹو : فائل

شہر میں منگل کو فائرنگ و پرتشدد واقعات میں اہلسنّت و الجماعت کے عہدیدار سمیت سمیت 3 جاں بحق اورایک خاتون اور متحدہ کے کارکن سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے جبکہ مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن اور چھاپہ مار کارروائیوں میں ایک سیاسی جماعت کے کارکن سمیت 168ملزمان کوگرفتارکرلیا گیا جن کے قبضے سے ایک مسروقہ گائے اوراسلحہ برآمد کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق گلبرگ بلاک 5میں واقع دودھ کی دکان پر موٹر سائیکل سوار2 مسلح ملزمان نے فائرنگ کردی اور فرار ہو گئے فائرنگ کے نتیجے میں دکان پر بیٹھا شخص موقع پرہی جاں بحق ہوگیا جسے فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ، ایس ایچ او گلبرگ چوہدری شاہد نے بتایا کہ مقتول کی شناخت52 سالہ عبدالحمید ولد فجر الدین کے نام سے ہوئی جوکوثر نیازی کالونی کا رہائشی تھا، مقتول کا آبائی تعلق قصور سے تھا، ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش لواحقین کے حوالے کردی گئی، انھوں نے بتایا کہ پولیس کو جائے وقوع سے نائن ایم ایم پستول کے4خول ملے ہیں جنھیں تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوادیا گیا ہے ترجمان اہلسنت و الجماعت کے مطابق مقتول اہلسنت و الجماعت کا علاقائی عہدیدار اور6 بچوں کا باپ تھا، ماڑی پور روڈ کرائون سینما کے قریب سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی جسے اغوا کرنے کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور بعد میں فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا۔

ایس ایچ او کلری میر محمد لاشاری نے بتایا کہ ہلاک شخص کی شناخت26 سالہ محمد امین ولد محمد اکبر خان کے نام سے ہوئی ہے اور مقتول کھڈا مارکیٹ کے قریب گلی نمبر14-B کا رہائشی ہے۔ مقتول کسی وکیل کے پاس ملازمت کرتا تھا انھوں نے بتایا کہ پیر اور منگل کی شب لیاری میں رینجرز نے چھاپہ مارا تھا اور پولیس کو شک ہے کہ مقتول کو مخبری کے شبہے میں اغوا کرنے کے بعد تشدد بنایا گیا اور فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا۔ پولیس نے شواہد جمع کر کے تفتیش شروع کردی ہے ، سعید آباد تھانے کی حدود میں فائرنگ سے28 سالہ خاتون پروین زخمی ہو گئیں جنھیں سول اسپتال منتقل کردیا گیا ، سپر ہائی وے ٹول پلازہ کے مویشی منڈی گیٹ نمبرایک کے قریب فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہو گئے۔پیر آباد کے علاقے اورنگی ٹاؤن نمبر 4 میں واقع میڈیکل اسٹور پر فائرنگ سے 30 سالہ محمد اعجاز زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا۔




پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت ہے جبکہ مضروب کے ہاتھ پر گولی لگی ہے اور وہ متحدہ قومی موومنٹ کا کارکن بتایا جاتا ہے، داؤد چورنگی کے قریب فائرنگ سے 12 سالہ محمد زخمی ہوگیا ۔ دریں اثنا اورنگی ٹائون پولیس نے ڈکیت اور بھتہ خوری کی وارداتوں میں ملوث4 ملزمان عبدالمالک عرف کمانڈو، بابر، مقصود اور امیر حسین کو گرفتار کر کے ایک رپیٹر ،3 ٹی ٹی پستول برآمد کر لی، اورنگی پولیس کے مطابق ملزمان ڈکیتی اور بھتہ خوری کی مطلوب تھے۔ ایسٹ زون پولیس چھاپہ مار کارروائیوں میں50 جرائم پیشہ عناصرکوگرفتار کرکے ان کے قبضے سے11پستول ، ایک ریوالور، گائے ، مسروقہ گائے اور منشیات برآمد کر لی گئی ڈی آئی جی ایسٹ منیراحمد شیخ کے مطابق گرفتار ملزمان میں5اشتہاری اور 8مفرور ملزمان بھی شامل ہیں،ویسٹ زون پولیس چھاپہ مار کارروائیوں میں51 جرائم پیشہ عناصرکوگرفتار کر کے ان کے قبضے سے ایک رپیٹر،ایک ریوالور14پستول ، 2 ٹرک ، ایک موبائل فون، ہائی روف، 14موٹر سائیکلیں اور منشیات برآمد کرلی۔

ڈی آئی جی ویسٹ جاوید عالم اوڈھو کے مطابق گرفتار ملزمان میں 14مفرور اور اشتہاری ملزمان بھی شامل ہیں ، انھوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مختلف نوعیت کے مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی، سائوتھ پولیس نے چھاپہ مار کارروائیوں میں 29 جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے5 پستول ،2 ایس ایم جیز،3 ہیڈ گرنیڈ اور منشیات برآمد کر لی گئی ، ایس ایس پی سائوتھ منیر احمد شیخ کے مطابق گرفتار ملزمان میں 20 مفرور ملزمان بھی شامل ہیں رینجرز نے لی مارکیٹ ، کھارادر ، شاہ فیصل کالونی ، دریا آباد ، گلشن عریشہ سوسائٹی ، نیو کراچی سیکٹر 5-Fچاندنی چوک ، ایف سی ایریا ، پاک کالونی ، کٹی پہاڑی اور منگھوپیر کے علاقے ٹارگٹڈ آپریشن اور اسنیپ چیکنگ کے دوران33 جرائم پیشہ عناصر کو حراست میں لے لیا۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق حراست میں لیے جانے والے ملزمان میں لیاری گینگ وار اور سیاسی جماعتوں کے مختلف تعلق رکھنے والے ملزمان بھی شامل ہیں انھوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے قبضے مختلف اقسام کے ہتھیار بھی برآمد کر لیے گئے ہیں ، رینجرز ذرائع کے مطابق رینجرز نے شاہ فیصل کالونی نمبر 4 میں سیاسی جماعت کے دفتر پر چھاپہ مار کر ایک ملزم کو حراست میں لے لیا ، حراست میں لیے جانے ملزم کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے بتایا جاتا ہے جسے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔اورنگی ٹاؤن نمبر 10 اولیاء مسجد کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 25 سالہ نامعلوم شخص ہلاک جبکہ اسلام ، مشتاق اور ذوہیب زخمی ہو گئے ، ہلاک و زخمی ہونیوالوں کو عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا ، ڈیفنس موڑ پر نامعلوم افراد نے رکشے میں سوار خاتون 32 سالہ نگہت کو لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے زخمی کر دیا ۔
Load Next Story