عید الاضحی پر بلدیاتی اداروں کی غیر اطمینان بخش کارکردگی

عید کے 2 روز سڑکیں آلائشوں سے بھری رہیں ،تیسرے دن مرکزی شاہراہیں صاف کردی گئیں.

3دنوں میں مجموعی طور پر 10لاکھ سے زائد آلائشوں کو تلف کیاگیا ۔ فوٹو : محمد نعمان / ایکسپریس

عیدالاضحی کی آلائشیں اٹھانے کے حوالے سے بلدیاتی اداروں کی اس سال کارکردگی قابل ذکر اور اطمینان بخش نہیں رہی ہے۔

ماضی کے گزشتہ سالوں کی نسبت اس سال عیدقربان کے موقع پر آلائشیں اٹھانے ، صفائی ستھرائی اور چونے کے چھڑکاؤ کے سلسلے میں بلدیاتی اداروں کے دعوئے حقیقت میں تبدیل نہیں ہوسکے، اس صورتحال کے سبب عید کے دو روز تو کراچی کی سڑکیں آلائشوں سے بھری رہیں تاہم تیسرے روز مرکزی شاہراہیں صاف کردی گئیں اور بعض شاہراہوں پر چونے کا بھی چھڑکاؤ کیا گیا ہے مگر اندرون گلیوں میں آلائشوں کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جن سے اٹھنے والے تعفن اور گندگی سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہورہی ہے۔

اس موقع پر بلدیاتی افسران کی مایوس کن کارکردگی پر شہریوں نے بھی افسوس کا اظہار کیا،دریں اثنا گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے عیدالاضحی کے دوران بلدیہ وسطی کے مختلف کلیکشن پوائنٹ پر آلائشیں اٹھانے کے کام کا جائزہ لیا، انھوں نے کمپیوٹرائزڈ مانیٹرنگ سسٹم کا بھی معائنہ کیا،اس موقع پر بلدیہ عظمی کراچی کے ایڈمنسٹریٹر ثاقب سومرو، بلدیہ وسطی کے ایس ای محمد اقبال ، ڈائریکٹر ہیلتھ ندیم حیدر و دیگر بھی موجود تھے، میونسپل کمشنر وسطی آفاق سعید نے گورنر سندھ کو آلائشیں اٹھانے کے حوالے سے بریفنگ دی۔

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے عیدقرباں پر بلدیہ وسطی کی جانب سے آلائشوں کو اٹھانے اور صحت وصفائی کے امور پر اپنے اطمنان کا اظہار کیا، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار حق پرست اراکین صوبائی اسمبلی محمد دلاور، محمد کامران، ایڈمنسٹریٹر افضل زیدی، میونسپل کمشنر محمد رئیسی اور ایس ای عاصم علی خان کے ہمراہ اولڈ سٹی ایریا کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور آلائشیں اٹھانے کے کاموں کا معائنہ کیا، ڈسٹرکٹ ساؤتھ کی انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈسڑکٹ ساؤتھ کی حدود میں عیدکے پہلے روز تقریباً 45ہزار دوسرے روز47ہزارجبکہ تیسرے دن تقریبا 12 ہزار (کل ایک لاکھ چار ہزار) آلائشیں ڈمپنگ گراؤنڈ تک پہنچائی گئیں۔




ڈی ایم سی ساؤتھ نے اپنے سینیٹری اسٹاف،ڈمپر،لوڈرز،اوپن ٹرک، سوزوکیوں اور باب کٹ کی مددسے عیدکے تینوں دن بروقت کاروائی کرتے ہوئے آلائشیں اٹھانے اور انھیں سائنٹیفک طریقے سے ٹرنچز پر ڈمپ کرنے کا کام انجام دیا، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر ثاقب احمد سومرونے کہا ہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر بلدیہ عظمیٰ کراچی نے ضلعی میونسپل کارپوریشنزاور ڈسٹرکٹ کونسل کراچی کے ساتھ مشترکہ حکمت عملی اپناتے ہوئے عید کے تینوں دنوں میںمجموعی طور پر 10لاکھ سے زائد آلائشوں کو تلف کیا، قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو تلف کر نے کیلیے شہر کے مختلف مقامات پر مجموعی طورپر26گڑھے کھودے گئے ۔

جبکہ مختلف مقامات پر50کلیکشن پوائنٹس بنائے گئے تھے جہاں سے اکھٹی کی گئی آلائشوں کو زمین میں دفن کرنے کے لیے لے جایا گیا، محکمہ میونسپل سروسز بلدیہ عظمیٰ کراچی سمیت تمام متعلقہ محکموں نے اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے شہر کو آلائشوں سے پاک کرنے، صفائی ستھرائی اور جراثیم کش اسپرے کا عمل جاری رکھا، یہ بات انھوں نے عید کے تیسرے دن عیدالاضحی آپریشن مکمل ہونے کے موقع پرکہی،ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی نادر علی وسان اورمیونسپل کمشنر کمال مصطفی کاایم این ایز اور ایم پی ایز کے ہمراہ کلیکشن پوا ئنٹ اور آلائشوں کو اٹھانے کے کام کے ساتھ ساتھ آ لائشوں کو جدید طریقے سے مدفون کرنے کے کام کا تفصیلی معائنہ کیا، ایم این اے رشید گوڈیل، محمد مزمل قریشی، محمد علی راشد، جبکہ ایم پی ایزمیں ارتضی فاروقی، محمود عبدالرزاق، معین عامر پیرزادہ، نشاط ضیاء،شیراز وحید اور افسران میں ایس ای ایسٹ طارق مغل و دیگر افسران موجود تھے، بلدیہ شرقی کے چاروں زونز میں تینوں دن مجموعی طور پر تقریباً 4 لاکھ30 ہزار 347 آلائشوں کو جدید طریقے سے مدفون کردیا گیا۔

رکن قومی اسمبلی سیدآصف حسنین نے ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سی ملیر غلام رسول ،ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن عبدالراشد خان ،فوکل پرسن پریم چند،ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ سلیم رضا اور دیگر کے ہمراہ عید الاضحی کے موقع پر آلائشیں اٹھانے کے کام کی نگرانی کی اور انتظامات کاجائزہ لیا،لانڈھی میں آلائشوں کو بروقت اٹھانے اور ڈمپنگ کے حوالے سے بروقت امور کی انجام دہی کی ہدایات دی ،صفائی ستھرائی کے کاموں کے ساتھ آلائشیں اٹھانے کے بعد چونے کاچھڑکاؤکامعائنہ کیا اورتمام یوسیز میں فیومیگیشن اسپرے کاافتتاح کیا، لانڈھی میں عید کے تین دنوں میں 61ہزار آلائشوں کو اٹھاکر ٹھکانے لگایا گیا۔

حق پرست اراکین قومی و صوبائی اسمبلی خواجہ سہیل منصور، سلمان مجاہد بلوچ، عبدالحسیب، کامران اختر، ایڈمنسٹریٹر کراچی ثاقب سومرو، میونسپل کمشنر بلدیہ غربی گھنور علی لغاری نے بلدیہ غربی کی حدود سے آلائشیں اٹھانے کے کاموں کا معائنہ کیا، بلدیہ غربی کے چاروں زونز سائٹ ،بلدیہ ،اورنگی اور کیماڑی میں کلیکشن پوائنٹس قائم کیے گئے عیدالاضحی کے تینوں دن آلائیش اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کے کا م کو مانیٹرکیا گیا ،ضلع غربی کی حدود سے مجموعی طور2لاکھ 14ہزار 370آلائشیں اٹھائی گئیں ،ایڈمنسٹریٹر نے تمام بلدیاتی افسران کو ہدایت کی ہے کہ 21اکتوبر سے بلدیہ غربی کی حدود میں صفائی مہم شروع کی جارہی ہے۔

جس میں خصوصاً قربان گاہوں اور ایسے تمام مقامات جہاں قربانی کے جانوروں کا فضلہ اور گھاس پھوس موجود ہے وہاں صفائی ستھرائی اور جراثیم کش ادویات کے اسپرے پر خصوصی توجہ دی جائے، ضلع کونسل کراچی کے ایڈمنسٹریٹر مسرور میمن کی نگرانی میں کونسل کے عملے نے عید الاضحی کے تینوں دن گڈاپ / بن قاسم زونز میں 43855آلائشیں اٹھا کر ضلع کونسل کی جانب سے بنائی گئی ٹرینج میں ٹھکانے لگائیں، اس موقع پر اپنی مشینری کے علاوہ پرائیوٹ مشینری کا بھی استعمال کیا گیا، آلائیشوں کو اٹھانے کے بعد ان مقامات پر چونے اور جراثیم کش ادویہ کا اسپرے کیا گیا۔
Load Next Story