ڈاکوؤں نے پٹرول پمپ سے42لاکھ روپے لوٹ لیے

ملزمان نے عملے کو یرغمال بنا کر ان کی وردیاں پہنیں اورگاڑیوں میں تیل ڈال کر آمدن لے اڑے

واقعہ گلشن ا قبال میں پیش آیا، پٹرول پمپ پر نصب سی سی فوٹیج محفوظ رہی، پولیس فوٹو: فائل

گلشن اقبال میں شہزور ٹرک میں سوار نصف درجن سے زائد ملزمان پٹرول پمپ کے عملے کو یرغمال بنا کر 42 لاکھ روپے سے زائدرقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔

ملزمان نے عملے کو یرغمال بنا کر ان کی وردیاں پہن کر آنے والی گاڑیوں میں پٹرول ، ڈیزل اور سی این جی بھی بھری اور اس سے حاصل ہونے والی آمدنی بھی اپنے ہمراہ لے گئے، تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال بلاک ون میں واقع پٹرول پمپ پر عیدکے دوسرے روز رات گئے شہزور ٹرک میں سوار نصف درجن سے زائد مسلح ڈاکوؤں نے عملے کو یرغمال بنا کر آفس میں بند کر دیا اور بعدازاں وہاں پر موجود لاکھوں روپے نقد لوٹ کر فرار ہوگئے ، ایس ایچ او گلشن اقبال عرفان احمد نے بتایا کہ پٹرول پمپ پر نصب سی سی فوٹیج محفوظ رہی ہے اور اس کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا جا رہا ہے ۔




انھوں نے بتایا کہ پیٹرول پمپ کے منیجر کا کہنا ہے کہ ڈاکو آفس میں رکھی تجوری سے لاکھوں روپے لوٹ کر لے گئے جبکہ ایک تجوری اپنے ہمراہ بھی لے گئے اور اس میں بھی لاکھوں روپے تھے ، عرفان احمد نے بتایا کہ لوٹی جانے رقم کے حوالے سے بتایا جاتا ہے کہ ڈاکو واردات میں 42 لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹ کر لے گئے جبکہ ڈاکوؤں نے عملے کی وردیاں اتار کر خود پہن لیں اور پیٹرول پمپ پر آنیوالی گاڑیوں میں ایندھن بھر کر اس سے حاصل ہونیوالی آمدنی بھی اپنے ہمراہ لے گئے ، انھوں نے بتایا کہ پولیس نے پٹرول پمپ کے منیجر کی مدعیت میں ڈاکوؤں کیخلاف مقدمہ نمبر 608/13 درج کرلیا۔
Load Next Story